ورکرزغیر متحرک،الیکشن اعلان کے باوجود سیاسی گہما گہمی نہ بڑھی،مایوسی کے سائے

پیپلز پارٹی پنجاب میں جگہ بنا سکی نہ مسلم لیگ سندھ میں ووٹرز اور سپورٹرز میں اضافہ کر سکی، بلوچستان میں باپ پارٹی اور پی پی کا اتحاد بھی نہ ہوا

زرداری کی پی ٹی آئی سے ایڈجسٹمنٹ بھی کھٹائی میں پڑ گئی، نواز شریف6 ماہ کے انتخابی التوا کی خواہش رکھتے تھے، الیکشن کے اعلان پر مایوس

اسد قیصر اور فواد چوہدری کی گرفتاری کے بعد پی ٹی آئی کیلئے کسی رعایت کی گنجائش بھی ختم ہوتی نظر آرہی، امیدواروں میں بھی شدید ابہام

ملتان ( سٹاف رپورٹر ) الیکشن کے اعلان کے باوجود سیاسی جماعتوں کے ورکرز متحرک نہ ہو سکے اور ان کی مایوسی اسی طرح برقرار ہے جبکہ سیاسی جماعتوں کے ٹکٹ کے حصول کیلئے بھی ابھی امیدوار حتمی فیصلہ نہیں کر پا رہے اور اس وقت صورتحال یہ ہے کہ تحریک انصاف سے نکلنے والی پی ٹی آئی پروگریسو اور استحکام پاکستان پارٹی کے پاس سرے سے ورکرز کا وجود ہی نہیں۔ مسلم لیگ کا ورکر مایوس ہے‘ پی ٹی آئی کا ورکر زیر زمین اور رہی بات پیپلز پارٹی کی تو انہوں نے اپنے درینہ مخلص ورکروں کو از خود مایوس کر رکھا ہے۔ باوجود کوشش کے پیپلز پارٹی پنجاب میں جگہ نہیں بنا سکی اور مسلم لیگ سندھ میں اپنے ووٹرز اور سپورٹرز میں اضافہ نہیں کر سکی جبکہ بلوچستان میں باپ پارٹی اور پیپلز پارٹی کا اتحاد بھی ممکن نہیں ہو سکا۔ یہ بھی معلوم ہوا ہے کہ آصف علی زرداری کی طرف سے پی ٹی آئی سے انتخابی ایڈجسٹمنٹ بھی کھٹائی میں پڑ گئی ہے کیونکہ اگر آصف علی زرداری یہ قدم اٹھاتے ہیں تو سندھ میں حکومت بنانے میں انہیں مشکلات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ بعض ذرائع اس بات کی تصدیق کرتے ہیں کہ الیکشن کے اعلان کے باوجود نواز شریف مطمئن نہیں ہیں اور وہ اپنا نیٹ ورک بحال کرنے کیلئے کم از کم 6 ماہ کیلئے انتخابی التوا کی خواہش رکھتے تھے مگر الیکشن کے اعلان نے ان کو نئی منصوبہ بندی اور نئی صف بندی پر مجبور کر دیا ہے۔ پی ٹی آئی کے لیڈروں اسد قیصر اور فواد چوہدری کی گرفتاری سے ایک مرتبہ پھر یہ واضح پیغام سب کو مل گیا ہے کہ پی ٹی آئی کیلئے کسی بھی قسم کی کوئی رعایت فی الحال تو نظر نہیں آ رہی۔ یہی وجہ ہے کہ الیکشن کے نتائج کے حوالے سے عوام‘ سیاسی ورکروں حتیٰ کہ انتخابات میں حصہ لینے والے امیدواروں میں بھی شدید ابہام پایا جاتا ہے۔ تاہم یہ بات طے ہے کہ بالآخر سب کو انتخابی عمل کا حصہ بننا پڑے گا۔

شیئر کریں

:مزید خبریں