آج کی تاریخ

ورلڈ چیمپئن شپ آف لیجنڈز: سیمی فائنل میں پاکستان اور بھارت پھر آمنے سامنے

لندن میں جاری ورلڈ چیمپئن شپ آف لیجنڈز 2025 کے سیمی فائنل میں روایتی حریف پاکستان اور بھارت کے درمیان ہائی وولٹیج مقابلہ ہونے جا رہا ہے۔
دلچسپ طور پر، ایونٹ کے گروپ اسٹیج میں بھارتی ٹیم نے گرین شرٹس کے خلاف میدان میں اترنے سے انکار کر دیا تھا، جس کے نتیجے میں میچ منسوخ کر دیا گیا تھا۔
تاہم اب بھارت نے ویسٹ انڈیز چیمپئنز کو شکست دے کر سیمی فائنل میں رسائی حاصل کر لی ہے، جہاں اس کا سامنا گروپ اسٹیج کی ناقابل شکست ٹیم پاکستان سے ہو گا۔ یہ ٹاکرا 31 جولائی کو ہوگا۔
منگل کو کھیلے گئے میچ میں ویسٹ انڈیز نے بھارت کو 145 رنز کا ہدف دیا جو بھارتی ٹیم نے 13.2 اوورز میں 5 وکٹوں پر حاصل کر لیا، یوں بہتر رن ریٹ کے باعث سیمی فائنل میں جگہ بنا لی۔
قبل ازیں، پاکستان نے آسٹریلیا کو 10 وکٹوں سے دھول چٹاتے ہوئے سیمی فائنل میں شاندار انٹری دی اور گروپ میں پہلی پوزیشن حاصل کی۔
یاد رہے کہ ابتدائی میچ میں بھارتی کھلاڑی شیکھر دھون، یوسف پٹھان، عرفان پٹھان اور ہربھجن سنگھ نے شاہد آفریدی کی موجودگی پر اعتراض کیا تھا اور میچ کھیلنے سے انکار کر دیا تھا، جس پر منتظمین کو افسوس کے ساتھ میچ منسوخ کرنا پڑا تھا۔
اب شائقین کی نظریں اس بات پر جمی ہیں کہ کیا بھارتی ٹیم اس بار واقعی گرین شرٹس کا سامنا کرے گی یا ایک بار پھر کسی نیا بہانہ سامنے آتا ہے۔

شیئر کریں

:مزید خبریں