ملتان ( کورٹ رپورٹر) وابڈا ایمپلائز کوآپریٹو ہاؤسنگ سوسائٹی (واپڈا ٹاؤن)ملتان کے انتخابات میں میپکو افسروں و ملازمین کی شرکت رکوانے کی والنٹیئر گروپ کی تمام کوششیں ناکام ہوگئیں اور انہیں دونوں محاذوں پر ناکامی کا سامنا کرنا پڑا۔ہائی کورٹ ملتان بنچ کے جج جسٹس عابد حسین چٹھہ نے جواد گلریز کی ایڈیشنل سیشن جج ملتان غزالہ یاسمین کی جانب سے جاری کردہ نوٹسز کو چیلنج کرنے کی درخواست پر لگائے گئے اعتراضات کو برقرار رکھا اور والنٹیر گروپ کی اپیل خارج کردی کیونکہ انہوں نے یہ حقائق چھپائے کہ 14 دسمبر 2025 کے الیکشن کا شیڈول جاری ہوچکا ہے جس کا پراسس جاری ہے۔ایڈیشنل سیشن جج ملتان غزالہ یاسمین نے والنٹیئر گروپ کا یہ دعویٰ خارج کردیا کہ میپکو کے بورڈ آف ڈائریکٹرز نے واپڈا ایکٹ 1978 کے رول 14( 2)میں گزشتہ سال جو ترمیم کی تھی جس کے تحت واپڈا ہاؤسنگ کوآپریٹو سوسائیٹی کے الیکشن میپکو کے ان سروس ملازمین بھی حصہ لے سکتے ہیں وہ غلط تھا اور بورڈ آف ڈائریکٹرز ترمیم کرنے کا مجاز نہ تھا۔مزید برآں سیشن عدالت نے جمع شدہ کاغذات نامزدگی جو پہلے ہی منظور ہوچکے ہیں انہیں مسترد کرنے کی استدعا بھی خارج کردی۔اس طرح واپڈا اینڈ ریزیڈنٹس گروپ کو سپریم کورٹ آف پاکستان ، لاہور ہائی کورٹ ملتان بینچ اور سیشن عدالت اور ماتحت عدالتوں سمیت تمام محاذوں پر کامیابی حاصل ہوگئی ہے۔میپکو کے حاضر سروس افسران اور ملازمین اب وابڈا ایمپلائیز کو اپریٹو ہاؤسنگ سوسائٹی(واپڈاٹاؤن) کے الیکشن میں حصہ لینے کے مجاز قرار دے دیے گئے ہیں۔عدالتی فیصلے آنے پر واپڈا ٹاؤنز میں خوشی کی لہر دوڑ گئی۔مبارک بادوں کا سلسلہ رات گئے تک جاری رہا۔میپکو آفیسرز ایسوسی ایشن اور آل پاکستان واپڈا ہائیڈرو الیکٹرک ورکرز یونین (سی بی اے)نے چیف ایگزیکٹو افیسر انجینیئر جام گل محمد زاہد اور میپکو کی لیگل ٹیم کو کامیابی پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ کامیابی کا سہرا ڈائریکٹر لیگل میپکو جمشید عالم نیازی اور سابق صدر ہائی کورٹ بار شیخ جمشید حیات ایڈووکیٹ ، عامر قاضی ایڈووکیٹ مرید حسین مکول ایڈووکیٹ ان کی ٹیم کو جاتا ہے۔







