ملتان ( ایڈیٹر رپورٹنگ) واسا میں تعینات تین ڈائریکٹرز عہدوں سے ہٹتے ہی مشکل میں پھنس گئے ، پیڈا ایکٹ انکوائری کا آخری نوٹس جاری ، مبینہ طور پر دو ارب روپے کی میگا کرپشن میں سزا ہونے کا امکان ہے ۔ تفصیل کے مطابق سابق ڈائریکٹر ریکوری عبدالسلام ، سابق ڈائریکٹر ورکس عارف عباس اور سابق ڈائریکٹر فنانس سعید ڈوگر جوکہ ایک گروپ کے تحت واسا میں عرصہ دراز سے تعینات تھے ان کے خلاف دو ارب روپے کی میگا کرپشن کا الزامات عائد کرتے ہوئے محکمانہ کیس کیاگیاتھا جس پر ڈائریکٹر فنانس اینڈ ایڈمن ایم ڈی اے ملتان شاکر عباس انکوائری آفیسر تحقیقات کررہے ہیں ، سابق ڈائریکٹرز واسا عبدالسلام ، عارف عباس اور سعید ڈوگر کو 12 دسمبر اور 24 دسمبر کو جواب داخل کرانے کے لئے نوٹس جاری کئے گئے تھے اور اب تیسرا نوٹس بھی جاری کردیا گیا ہے ۔ انکوائری آفیسر شاکر عباس نے تینوں سابق ڈائریکٹرز کو ہدایت کی ہے کہ وہ اپنا دفاعی جواب جلد از جلد جمع کرائیں ورنہ یہ سمجھا جائے گا کہ ان کے پاس پیش کرنے کے لئے کوئی دفاع نہیں یا انہوں نے الزامات کو قبول کرلیا ہے ۔واسا کرپشن سیکنڈل






