ملتان(یعقوب سید/ایڈیٹر سٹی ڈیسک) مالی بحران سے دو چار واساانتظامیہ نے میپکو کو بلوں کی ادائیگی اور 30 جون تک تنخواہ، پنشن و دیگر اخراجات کے لیے صوبائی حکومت سے 3 ارب 60 کروڑ روپے کا ریلیف پیکیج مانگ لیا ہے۔ اس حوالے سے ذرائع نے بتایا کہ واسا ملتان نے مالی بحران سے نمٹنے کے لیے میپکو کو انکے بلوں کی ادائیگی سمیت 30 جون 2023 تک ملازمین کی تنخواہ، پنشن و دیگر اخراجات کے لیے حکومت پنجاب کو سمری ارسال کر دی ہے۔ جس میں کہا گیا ہے کہ واسا میپکو کا 2ارب 80 کروڑ روپے کا نادہندہ ہے اور عدم ادائیگی پر آئے روز میپکو واسا کے واٹر سپلائی اور ڈسپوزل سٹیشنوں کے بجلی کنکشن منقطع کر دیتا ہے۔ جس کے نتیجے میں شہر کے تمام ٹیوب ویل بند ہونے سے پانی کی فراہمی بند ہوجاتی ہے جبکہ روڈز اور گلی محلوں میں سیوریج مسائل بڑھنے سےشہریوں کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ ریکوری اہداف مکمل نہ ہونے پر ہر ماہ صارفین کی تنخواہیں، پینشن و دیگر اخراجات میں بھی واسا کو دشواری کا سامنا ہے۔ لہذا ان ادائیگیوں کو یقینی بنانے کے لیے حکومت پنجاب سے استدعا ہے کہ وہ واسا ملتان کو مالی بحران سے نکالنے کے لئے مجموعی طور پر 3 ارب 60 کروڑ روپے کا ریلیف پیکج دے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ واسا انتظامیہ نے سمری بنا کر سیکرٹری ہاؤسنگ کو بھیج دی ہے تاہم وہاں سے ابھی تک واسا ملتان کو ریلیف پیکج دیے جانے کا سگنل نہیں دیا گیا۔
