آج کی تاریخ

واسا ملتان مالی بحران سے دوچار، ڈیلی ویجزو دیگر ملازمین کی تنخواہیں بند

ملتان (سٹاف رپورٹر) واساافسران کی نااہلی، اتھارٹی بننے کے بعدڈا ئریکٹر فنانس ،ڈپٹی ڈائریکٹر فنانس کی تعیناتی کے باوجود واسا ملتان کے ڈیلی ویجز اور دیگر ملازمین دو ماہ سے تنخواہوں سے محروم ہیںجس کی وجہ سے ملازمین کے گھروں میں نوبت فاقوں تک آ پہنچی ہے۔متاثرہ ملازمین نے فوری طور پر تنخواہوں کی ادائیگی کا مطالبہ کیا ہے۔تفصیلات کے مطابق واسا ملتان شدید مالی بحران سے دوچار ہے ، ریکارڈ ریکوری کے باوجود 200 ڈیلی ویجز ملازمین سمیت مجموعی طور پر 200 سے زائد ملازمین تنخواہوں سے محروم ہیں ، بروقت تنخواہیں نہ ملنے کی وجہ سے ملازمین کے گھروں میں فاقے ہیں اور بعض ملازمین کے بجلی، گیس کے کنکشن بھی عدم ادائیگی پر کٹ چکے ہیں۔ متاثرہ ملازمین کا کہنا ہے کہ واسا انتظامیہ نے انہیں تنخواہیں دینے کے بجائے میپکو اور پٹرول پمپ مالکان کوکروڑوں روپے کے واجبات ادا کر دیئے ہیں جس کے باعث ان کی تنخواہ مسلسل 2ماہ سے تاخیر کا شکار ہے ۔واساملازمین نے ڈائریکٹر جنرل پنجاب واسا لا ہور، منیجنگ ڈائریکٹر خالد رضا خان، ڈائریکٹر ایڈمن،ڈی سی ملتان ،کمشنر ملتان سے مطالبہ کیا ہے کہ ان کی تنخواہوں کی ادائیگی کے لئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات اٹھائے جائیں بصورت دیگر وہ احتجاج کرنے پر مجبور ہو جائیں گے ۔

شیئر کریں

:مزید خبریں