ملتان (سٹاف رپورٹر) بہا الدین زکریا یونیورسٹی ملتان کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر زبیر اقبال نے صوبہ بھر کی سرکاری یونیورسٹیوں میں تعلیمی ترقی، فنانشل مسائل اور تدریسی معیار کو بہتر بنانے کے لیے ہائر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ پنجاب، ہائر ایجوکیشن کمیشن آف پاکستان، پنجاب ہائر ایجوکیشن کمیشن کے ساتھ بہتر ورکنگ ریلیشن کے قیام کے لیے پورے پنجاب کی یونیورسٹیوں کے وائس چانسلرز خواتین و حضرات پر مشتمل ایک وائس چانسلرز فورم تشکیل دیا ہے جو کہ سرکاری یونیورسٹیوں کی تاریخ میں یہ پہلا قدم ہے اور اسے تمام وائس چانسلرز خواتین و حضرات نے ایک بہت بڑا انقلابی قدم قرار دیا۔جس کا بنیادی مقصد تعلیمی کوالٹی میں بہتری ،جامعات کو جدید دور کے تقاضوں کے مطابق ڈھالنے اور وائس چانسلرز کو درپیش مشکلات میں مل جل کر چلنے کا عہد کیا گیا اور یونیورسٹیوں میں بڑھتی ہوئی سیاسی مداخلت پر تشویش کا اظہار کیا گیا۔ تفصیل کے مطابق بہاالدین زکریا یونیورسٹی میں پہلا وائس چانسلر فورم کامیابی سے منعقد کیا گیا۔ فورم میں پنجاب کی 28 یونیورسٹیوں کے وائس چانسلرز نے شرکت کی۔ فورم میں تعلیم کے معیار کو بہتر بنانے، انڈسٹری کی ضروریات کے مطابق تحقیق کو فروغ دینے اور مختلف شعبہ جات میں یونیورسٹیوں کے باہمی اشتراک سے متعلق لائحۂ عمل ترتیب دیا گیا۔ وائس چانسلر فورم میں سرکاری یونیورسٹیوں کو درپیش مسائل کو باہمی اشتراک کے ذریعے حل کرنے کے آپشنز پر بھی غور کیا گیا۔ فورم سے خطاب کرتے ہوئے مختلف وائس چانسلرز نے پاکستان 2040 وژن میں یونیورسٹیوں کے کردار پر بھی روشنی ڈالی۔ فورم میں گجرات، اوکاڑہ، لیہ، سرگودھا، بہاولپور، فیصل آباد، راولپنڈی اور لاہور سمیت پنجاب کی بڑی سرکاری یونیورسٹیوں کے وائس چانسلرز نے شرکت کی۔ اس موقع پر بہا الدین زکریا یونیورسٹی ملتان کے میزبان وائس چانسلر ڈاکٹر زبیر اقبال کی دعوت اور تحریر پر تمام وائس چانسلرز خواتین و حضرات کا اجلاس بہا الدین زکریا یونیورسٹی ملتان میں منعقد کیا گیا اور یونیورسٹیوں کے وائس چانسلرز کو طلبہ کے بنائے گئے فن پارے اور سائنس پروجیکٹس دکھائے گئے۔ وائس چانسلر فورم کی اہم بات یہ تھی کہ اس فورم میں شریک تمام وائس چانسلرز نے اپنے سفری اور رہائشی اخراجات خود برداشت کیے جبکہ یونیورسٹی کی جانب سے فورم پر کوئی اخراجات نہیں کیے گئے۔ وائس چانسلر فورم میں دیے جانے والے طعام اور عشائیہ ملتان کے معروف ریسٹورنٹ کی طرف سے اسپانسر کیے گئے۔ فورم میں شریک وائس چانسلرز نے یونیورسٹی میں موجود ویٹرنری فارم کا دورہ کیا اور فارم میں موجود سہولیات کو خوب سراہا۔ذرائع کے مطابق اس وائس چانسلرز فورم یا یونین میں درج ذیل وائس چانسلرز نے شرکت کی ۔ڈاکٹر زبیر اقبال غوری وائس چانسلر بہاالدین زکریا یونیورسٹی ملتان / ایکٹنگ وائس چانسلر ایمرسن یونیورسٹی ملتان ، ڈاکٹر کلثوم پراچہ ایکٹنگ وائس چانسلر خواتین یونیورسٹی ملتان، ڈاکٹر محمد کامران وائس چانسلر اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور ، ڈاکٹر محمد مظہر ایاز وائس چانسلر چولستان یونیورسٹی آف ویٹرنری اینڈ اینیمل سائنسز، ڈاکٹر محمد اشفاق وائس چانسلر غازی یونیورسٹی ڈیرہ غازی خان، ڈاکٹر سجاد مبین وائس چانسلر یونیورسٹی آف اوکاڑہ، ڈاکٹر عمر چوہدری وائس چانسلر گورنمنٹ کالج یونیورسٹی لاہور، ڈاکٹر کنول امین وائس چانسلر گورنمنٹ کالج ویمن یونیورسٹی فیصل آباد، ڈاکٹر رؤف اعظم وائس چانسلر گورنمنٹ کالج یونیورسٹی فیصل آباد، ڈاکٹر بشریٰ مرزا وائس چانسلر فاطمہ جناح ویمن یونیورسٹی راولپنڈی و دیگر شامل ہیں۔






