نیب نے 6 ماہ میں 547 ارب روپے سے زائد ریکوری کر کے نیا ریکارڈ قائم کر دیا

اسلام آباد: قومی احتساب بیورو (نیب) نے گزشتہ چھ ماہ کے دوران 547 ارب روپے سے زائد ریکوری کر کے نیا ریکارڈ قائم کر دیا ہے۔
نیب کی جاری کردہ رپورٹ کے مطابق ادارہ عوامی مفاد کے تحفظ اور قومی دولت کی واپسی کے لیے پرعزم ہے۔ 2025 کی دوسری سہ ماہی (اپریل تا جون) میں نیب نے 345.3 ارب روپے کی ریکوری کی جبکہ پہلی دو سہ ماہیوں میں مجموعی طور پر 201.547 ارب روپے کی ریکوری کی گئی۔
اسی دوران نیب نے 33.532 ارب روپے مالیت کی منقولہ اور غیر منقولہ جائیدادیں وفاقی و صوبائی محکموں اور مالیاتی اداروں کو واپس کیں۔ دھوکہ دہی کے مختلف کیسز میں نیب نے 12,611 متاثرین کو ان کی لوٹی ہوئی رقم واپسی کروائی۔
نیب راولپنڈی نے اسلام آباد کے سیکٹر 11-E میں 51 کنال سرکاری اراضی (جس کی مالیت 29 ارب روپے ہے) بازیاب کر کے سی ڈی اے کے حوالے کی۔ عوام سے فراڈ کے ایک بڑے کیس (B4U) میں 3 ارب روپے بھی بازیاب کیے گئے، جو 17,214 متاثرین میں تقسیم کیے جائیں گے۔
نیب سکھر نے نیشنل ہائی وے اتھارٹی کی 25 ارب روپے مالیت کی زمین واپس حاصل کی۔ سندھ کے محکمہ تعلیم کی 127 کنال 15 مرلہ اراضی، جس کی قیمت 160.895 ملین روپے ہے، بھی بازیاب کرائی گئی۔
نیب لاہور نے ایڈن کیس میں 3.2 ارب روپے متاثرین میں تقسیم کیے، جبکہ پاک عرب ہاؤسنگ کیس میں 9.3 ارب روپے مالیت کی 8 جائیدادیں بازیاب کرائیں، جو 2,500 متاثرین کو رقم کی صورت میں فراہم کی جائیں گی۔

شیئر کریں

:مزید خبریں