ٹی ڈی سی پی کے زیراہتمام تھل جیپ ریلی کے نوویں ایڈیشن کا آغاز ہیڈ محمد والا اور چوک سرور شہید کے درمیان چھانگا مانگا ٹیلا سے ہوگا، 7 نومبر کو گاڑیوں کی رجسٹریشن اور ٹیگنگ کا عمل مکمل کیا جائے گا، 8 نومبر کو کوالیفائنگ راؤنڈ ہوگا، کوالیفائنگ راؤنڈ میں شریک ریسرز کو 3 کلومیٹر کا ٹریک کم سے کم وقت میں عبورکرنا ہوگا۔
ایونٹ میں اس سال 100 ریسرز مختلف کیٹیگری میں شریک ہونگے مظفرگڑھ، کوٹ ادو ، لیہ اور جھنگ کی ضلعی انتظامیہ کی جانب سے انتظامات مکمل کرلئے گئے ہیں، جیپ ریلی کا مڈپوائنٹ چوبارہ میں بنایا گیا ہے، ٹی ڈی سی پی حکام کے مطابق ریس کا باقاعدہ آغاز 9 نومبر ہفتہ کے روز صبح 9 بجے چھانگا مانگا ٹیلہ سے ہوگا پہلے روز سٹاک کیٹیگری کی ریس میں شامل ریسرز ٹریک پر روانہ ہونگے۔ جبکہ خواتین کیٹیگری بھی 9 نومبر کو ہی ریس میں حصہ لیں گی ۔

ریس کا فائنل ڈے 10 نومبر بروز اتوار ہوگا، پری پئیرڈ کیٹیگری میں شامل ریسرز 10 نومبر کو صبح 9 بجے ٹریک پر روانہ ہونگے ریس کے لئے 195 کلومیٹر کا طویل ٹریک تیار کرلیا گیا ہےشائقین کی توجہ اور تفریح کے لئے گھڑ ڈانس، نیزہ بازی، آتش بازی اور کبڈی کے مقابلوں کے علاوہ کلچرل فیسٹیول کے سٹالز بھی لگائے جائیں گے، امکان ہے کہ اس بار غیرملکی ریسرز بھی تھل جیپ ریلی میں شریک ہونگے۔