لیاقت پور (نامہ نگار) ملازمت سے برخاست ہونے والے سابق ایس ایچ اوز نوید نواز واہلہ اور سیف اللہ ملہی کے خلاف ایک اور ویڈیو بیان وائرل ہو گیا ۔مبینہ جعلی پولیس مقابلے میں مارے گئے نادر کوش کی بیوہ نے اپنے بچوں کے ہمراہ قرآن مجید اٹھا کر انکشاف کیا کہ کچھ عرصہ قبل اس کا شوہر نادر علی کوش پیاز لیکر نوشہرہ ضلع بہاولپور جارہا تھا کہ سیف اللہ ملہی اور نوید واہلہ نےاسے اٹھایا اور بھونگ تھانہ لے گئے۔ انہوں نے بھاری رقم کی ڈیمانڈ کی مگر ہم نے پیسے نہیں دیئے جس پر سیف ملہی اور نوید واہلہ نے جعلی پولیس مقابلے کا وقوعہ بنا کر نادر کو بھونگ تھانہ کی حدود میں قتل کردیا۔ خاتون نے بتایا کہ اس کے چھوٹے چھوٹے بچے ہیں رہنے کیلئے کوئی گھر نہ کمانے والا ہے شوہر کا سہارا تھا جو محنت مزدوری کرکے گھر چلاتا تھا اب کہاں جائیں۔ بیوہ نے روتے ہوئے وزیر اعظم پاکستان میاں شہباز شریف، وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف، آئی جی پولیس پنجاب اور ڈی پی او رحیم یار خان سے انصاف فراہم کرنے کا مطالبہ کیا۔ واضح رہے کہ ڈسمس ہونے والے دونوں سابق ایس ایچ اوز کے خلاف آئے روز سنگین الزامات اور حقائق ڈالنے آ رہے ہیں مگر ضلعی پولیس اور سی سی ڈی کوئی کارروائی نہیں کر رہے۔
