اسلام آباد سے موصولہ اطلاعات کے مطابق نومبر احتجاج کے مقدمے میں انسداد دہشتگردی عدالت نے مزید چار افراد کو سزا سنائی ہے۔
سزا تھانہ انجرا، ضلع اٹک کے مقدمہ نمبر 212 میں سنائی گئی، جس کے تحت ملزمان جاوید اقبال، خان محمد، سردار خان اور عامر خان کو چار چار ماہ قید کی سزا دی گئی۔
جج امجد علی شاہ کے روبرو ملزمان نے اقبال جرم کیا، اور عدالت نے انہیں شوکاز نوٹس جاری کیے۔
پراسیکیوٹر سید ظہیر شاہ نے عدالت کو بتایا کہ ملزمان نے دیگر افراد کے ساتھ مل کر پولیس اور ریاستی املاک پر حملہ کیا اور ریاستی احکامات کی خلاف ورزی کرتے ہوئے امن و امان کو خراب کیا۔
ملزمان نے الزامات کا دفاع نہ کرتے ہوئے انہیں قبول کر لیا اور اقبالی بیان دیا کہ قیادت کی ہدایات پر احتجاج اور جلاؤ گھیراؤ میں شامل ہوئے۔
ملزمان نے عدالت سے رحم کی اپیل بھی کی کہ وہ غریب ہیں۔
جج امجد علی شاہ نے چار چار ماہ کی قید کی سزا سنائی، اور دوران قید گزارا گیا وقت بھی سزا میں شامل ہوگا۔
