مسلم لیگ ن کے صدر نواز شریف اور چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے بھارت میں ہونے والے طیارہ حادثے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
اپنے بیان میں سابق وزیراعظم نواز شریف نے بھارتی وزیراعظم نریندر مودی اور بھارتی عوام سے تعزیت کرتے ہوئے حادثے میں جاں بحق ہونے والے افراد کے لواحقین سے ہمدردی کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ اندوہناک سانحہ سرحدوں سے بالاتر ہو کر انسانیت کے مشترکہ جذبے کو اجاگر کرتا ہے۔
اسی طرح چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے بھی اس افسوسناک واقعے پر بھارتی عوام سے تعزیت کی اور کہا کہ بھارت میں طیارہ گرنے کا انتہائی افسوسناک واقعہ پیش آیا، اس سانحے پر دکھ کی اس گھڑی میں بھارتی عوام کے ساتھ ہیں۔
خاتون اول اور رکن قومی اسمبلی آصفہ بھٹو زرداری نے بھی اپنے بیان میں حادثے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے متاثرہ افراد اور ان کے اہل خانہ سے گہری ہمدردی کا اظہار کیا۔