تازہ ترین

نشتر ہسپتال، صفائی عملہ کی کمی، معمولی تنخواہیں، ٹھیکیدار پر کروڑوں خوردبرد کا الزام

ملتان (وقائع نگار) نشتر ہسپتال ملتان میں صفائی عملے کے استحصال کا انکشاف، ٹھیکیدار پر تنخواہوں میں مبینہ خورردبرد کا الزام نشتر ہسپتال ملتان میں صفائی کے عملے کے استحصال اور مالی بے ضابطگیوں کے سنگین الزامات سامنے آئے ہیں۔ ذرائع کے مطابق ہسپتال کی انتظامیہ نے صفائی کا ٹھیکہ فرید ڈوگر اور وحید ڈوگر کو دے رکھا ہے، تاہم ٹھیکیدار کی جانب سے ملازمین کو کم تنخواہیں ادا کرنے اور مکمل عملہ فراہم نہ کرنے کا انکشاف ہوا ہے۔متاثرہ ملازمین کے مطابق انہیں ماہانہ صرف 15 ہزار روپے تنخواہ دی جا رہی ہے، جبکہ ٹھیکیدار مبینہ طور پر ہسپتال انتظامیہ سے فی ملازم 37 ہزار روپے ماہانہ کے حساب سے ادائیگی وصول کر رہا ہے۔ اس طرح فی ملازم تقریباً 22 ہزار روپے ماہانہ کا فرق سامنے آ رہا ہے، جس پر ملازمین نے شدید تحفظات کا اظہار کیا ہے۔ذرائع کا دعویٰ ہے کہ مذکورہ کمپنی کو معاہدے کے تحت 200 صفائی ملازمین فراہم کرنے تھے، تاہم عملی طور پر عملے کی تعداد اس سے کم ہے۔ اس کے باوجود مبینہ طور پر مکمل 200 ملازمین کی تنخواہیں وصول کی جا رہی ہیں۔ اس طرح کروڑوں روپے کی ماہانہ کرپشن کی جا رہی ہے مزید برآں آؤٹ ڈور (او پی ڈی) شعبے میں صفائی کے لیے 18 ملازمین تعینات کیے جانے تھے، لیکن اس وقت صرف 13 ملازمین فرائض انجام دے رہے ہیں۔ ملازمین کا کہنا ہے کہ کم عملے کی وجہ سے کام کا بوجھ بڑھ گیا ہے اور صفائی کا معیار بھی متاثر ہو رہا ہے، جس سے مریضوں اور تیمارداروں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔صفائی عملے کے چند افراد نے بتایا کہ انہیں مقررہ کم از کم اجرت بھی نہیں دی جا رہی اور نہ ہی سوشل سکیورٹی یا دیگر قانونی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ اگر وہ شکایت کریں تو ملازمت سے نکالنے کی دھمکیاں دی جاتی ہیں۔صحت کے شعبے سے وابستہ حلقوں کا کہنا ہے کہ ہسپتالوں میں صفائی کا مؤثر نظام مریضوں کی صحت اور انفیکشن کنٹرول کے لیے نہایت اہم ہے۔ اگر عملے کی تعداد کم ہو یا انہیں مناسب معاوضہ نہ ملے تو اس کا براہِ راست اثر سروس ڈلیوری پر پڑتا ہے۔شہری اور سماجی تنظیموں نے مطالبہ کیا ہے کہ اس معاملے کی شفاف انکوائری کرائی جائے، معاہدے کی شرائط اور ادائیگیوں کی تفصیلات منظرِ عام پر لائی جائیں اور اگر بے ضابطگیاں ثابت ہوں تو ذمہ داران کے خلاف کارروائی کی جائے۔

شیئر کریں

:مزید خبریں