ملتان (وقائع نگار)نشترہسپتال ملتان کے ایمرجنسی ڈیپارٹمنٹ میں پیش آنے والے واقعے کے بعد انتظامیہ نے سخت کارروائی کرتے ہوئے ڈاکٹر قاسم جمال کو معطل کر دیا ہے جبکہ معاملے کی تحقیقات کے لیے دو رکنی انکوائری کمیٹی بھی قائم کر دی گئی ہے۔ذرائع کے مطابق ڈاکٹر قاسم جمال جو میڈیسن وارڈ نمبر 11 میں بطور ایڈیشنل ہاؤس آفیسر خدمات انجام دے رہے تھے پر الزام ہے کہ انہوں نے ایمرجنسی ڈیپارٹمنٹ میں زیرِ علاج مریض کے لواحقین سے بدتمیزی کی۔ واقعے کی ویڈیو 18 دسمبرکی رات تقریباً 8 بجے سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی جس پر ہسپتال انتظامیہ نے فوری نوٹس لیا۔میڈیکل سپرنٹنڈنٹ نشتراسپتال کی جانب سے جاری آفس آرڈر کے مطابق ڈاکٹر قاسم جمال کو فوری طور پر معطل کر دیا گیا ہے اور انکوائری مکمل ہونے تک وہ ڈیوٹی انجام نہیں دیں گے۔ آفس آرڈر میں کہا گیا ہے کہ مذکورہ واقعہ اسپتال کے قواعد و ضوابط کے خلاف ہے۔اسی معاملے پر ایک علیحدہ آفس آرڈر کے ذریعے انکوائری کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے جس کے چیئرمین ڈائریکٹر اے اینڈ ای ڈاکٹر زاہد محمود ہوں گے جبکہ ڈی ایم ایس لیبر روم ڈاکٹر اسماء خَر کو کمیٹی ممبر مقرر کیا گیا ہے۔ انکوائری کمیٹی کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ تین دن کے اندر اپنی رپورٹ پیش کرے تاکہ آئندہ کارروائی عمل میں لائی جا سکے۔ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ مریضوں کے احترام اور بہتر سروس ڈیلیوری پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا اور قصور ثابت ہونے کی صورت میں قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔







