اسلام آباد:وزیرِاعظم شہباز شریف نے قطری شہزادی شیخہ اسماء الثانی کو پاکستان میں پہاڑوں اور سیاحت کے شعبے کی برانڈ ایمبیسیڈر مقرر کر دیا ہے۔
وزیرِاعظم نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر جاری بیان میں شہزادی کو نانگا پربت سر کرنے پر دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہ کامیابی نہ صرف حوصلہ، عزم اور جرات کی مثال ہے بلکہ پاکستان اور قطر کے درمیان دوستی کی خوبصورت علامت بھی ہے۔
شیخہ اسماء نے حال ہی میں دنیا کے خطرناک ترین پہاڑوں میں شمار ہونے والی پاکستان کی 8,126 میٹر بلند چوٹی نانگا پربت کو سر کیا، یوں وہ یہ کارنامہ انجام دینے والی پہلی قطری خاتون بن گئی ہیں۔
موسمی شدت اور دشوار گزار راستوں کے باوجود انہوں نے “قاتل پہاڑ” کہلانے والے نانگا پربت پر قطر کا پرچم لہرایا، یہ ان کی 14 بلند ترین چوٹیاں سر کرنے کے مشن کا نواں کامیاب مرحلہ ہے۔
ان کی اس شاندار کامیابی کو عالمی سطح پر خواتین کو بااختیار بنانے کی ایک متاثر کن مثال قرار دیا جا رہا ہے۔ شیخہ اسماء کا عزم قطر کے لیے باعثِ فخر اور بین الاقوامی کوہ پیمائی کی دنیا میں ان کے نمایاں مقام کا مظہر ہے۔
