ملتان (سٹاف رپورٹر) اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور کے تین اساتذہ پروفیسر ڈاکٹر عمران سرور، ایسوسی ایٹ پروفیسر ڈاکٹر رفاقت حسین اور لیکچرار ڈاکٹر علی صمد کو ناراضگی کے خطجاری کرنے کی ہدایات دینے والے ڈاکٹر دوست محمد خان جو کہ کمپیوٹر سائنس فیکلٹی کے ایکٹنگ ڈین ہیں، کی میٹنگ میں موجود ڈیپارٹمنٹ آف انفارمیشن سکیورٹی کے چیئرمین ڈاکٹر وقار اسلم کی جانب سے وضاحت سامنے آگئی ہے جن کے مطابق انہوں نے IUB فیکلٹی ممبران کے لیے واضح طور پر کسی بھی ناراضگی کے خطوط کی تجویز کو مسترد کر دیا ہے اور کہا ہے کہ میں 15 جنوری 2025 کو ہونے والی فیکلٹی آف کمپیوٹر کے سربراہان کی میٹنگ کے منٹس میں دستاویزی مشاہدات اور فیصلوں میں شامل تھا۔ درحقیقت میٹنگ صبح ساڑھے گیارہ بجے ہونا تھی۔ تاہم، غیر متوقع حالات کی وجہ سے، میں کافی دیر سے تقریباً ساڑھے12بجے شامل ہوا۔ اس کے پانچ منٹ بعد میٹنگ ختم ہو گئی اور میں ایجنڈے کے آئٹمز کے بارے میں معلوم کیے بغیر وہاں سے چلا گیا۔ میری مختصر حاضری کے دوران، مجھے حاضری کا پرچہ پیش کیا گیا، جس پر میں نے دستخط کیے۔ یہ نوٹ کرنا ضروری ہے کہ میٹنگ کے منٹس عام طور پر جزوی حاضری اور مکمل شرکت کے درمیان فرق نہیں کرتے ہیں۔ اگر مجھے منٹس کا جائزہ لینے اور جوابی دستخط کرنے کا موقع دیا جاتا تو میں نہ صرف مذکورہ بالا تضاد بلکہ چند دیگر متعلقہ خدشات بھی اٹھاتا۔ خاص طور پر ہم سب پر موجودہ مالیاتی دباؤ کے باعث ایسے ناراضگی کے خطوط سے گریز کرنا چاہئے۔ اس بارے میں اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور کے ایک پروفیسر کا کہنا تھا کہ ایسے موقع پر اے ایس اے کو اگے بڑھنا چاہئے تھا اور اے ایس اے کو انتظامیہ سے ہر صورت میں یہ مطالبہ کرنا چاہیے تھا کہ وہ وزیر اعلیٰ مریم نواز اور وزیر تعلیم کے آنے پر مدعو ہوں اور اساتذہ کا موقف ان تک پہنچائیں۔ ایک اور پروفیسر نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ یہ انتہائی شرمناک اور قابل مذمت عمل ہے چونکہ اے ایس اے عملی طور پر کمیونٹی کے حق میں کوئی بھی مثبت اقدام اٹھانے سے قاصر ہے اس لیے اگر کوئی اور بات کرتا ہے تو اس کی آواز کو دبانا ان لوگوں کا پرانا سیاسی وطیرہ ہے۔ اساتذہ کرام کو اس طرح کا لیٹر لکھنا اساتذہ کی عزت نفس کو مجروح کرنے کے مترادف ہے۔ جنہوں نے یہ خط جاری کیا اور جن کی مشاورت سے جاری ہوا اس اقدام کو کمیونٹی مکمل طور پر مسترد کرتی ہے۔ اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور کے تمام اساتذہ اور ملازمین (علاوہ اکیڈمک سٹاف ایسوسی ایشن) نے ایکٹنگ ڈین ڈاکٹر دوست محمد خان کی جانب سے طاقت کے بیجا اور غیر ضروری استعمال کی پر زور مذمت کی۔






