پشاور: چیئرمین پاکستان تحریک انصاف بیرسٹر گوہر خان نے کہا ہے کہ نااہلیوں کا سلسلہ اب بند ہونا چاہیے کیونکہ یہ مسائل کا حل نہیں ہیں۔
میڈیا سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی 180 نشستیں جیت چکی تھی، اسمبلی میں 90 نشستوں کے ساتھ گئے، اب صرف 77 نشستیں بچی ہیں۔ گوہر خان نے کہا کہ نااہلیوں کا دور ختم ہونا چاہیے اور سب کو ہوش کے ناخن لینے چاہئیں کیونکہ ہمارے ساتھ امتیازی سلوک کیا جا رہا ہے۔
بیرسٹر گوہر خان نے مزید کہا کہ پارٹی الیکشن منعقد کیے گئے، لیکن الیکشن کمیشن نے دیگر جماعتوں کو تسلیم کر لیا، جبکہ ہماری پارٹی کو تسلیم نہیں کیا گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کی ٹیم میں کوئی کمزوری نہیں ہے اور پارٹی کے ساتھ زیادتیاں ہو رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی نے تین کروڑ ووٹ حاصل کیے ہیں اور عمر ایوب اپوزیشن لیڈر ہیں۔
انہوں نے اعلان کیا کہ 14 اگست کو آزادی کا جشن منائیں گے اور بانی پی ٹی آئی کی رہائی کے لیے بھی آواز اٹھائیں گے۔ گوہر خان نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ حکومت سے بات چیت ہو اور ہم نے اس کے لیے کوشش بھی کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ قبائلی علاقوں کے لوگ دہشت گردی سے بہت متاثر ہوئے ہیں، ہم امن چاہتے ہیں اور چاہتے ہیں کہ دہشت گردی ختم ہو۔ انہوں نے کہا کہ اندرونی اور بیرونی بدامنی روکنا وفاقی حکومت کی ذمہ داری ہے۔
