اسلام آباد: مرکزی رویت ہلال ریسرچ کونسل کے سیکریٹری جنرل خالد اعجاز مفتی نے اعلان کیا ہے کہ نئے ہجری سال 1447ھ کا آغاز یکم محرم الحرام 27 جون 2025 سے ہوگا۔ انہوں نے بتایا کہ یوم عاشور 06 جولائی 2025 کو ملک بھر میں عقیدت و احترام سے منایا جائے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ نیا چاند بدھ 25 جون 2025 کو پاکستانی وقت کے مطابق سہ پہر 3 بج کر 32 منٹ پر طلوع ہوگا۔ 29 ذی الحجہ یعنی 26 جون کی شام چاند کی عمر پاکستان کے تمام علاقوں میں ساڑھے 27 گھنٹے سے زائد ہوگی اور غروبِ شمس اور غروبِ قمر کے درمیان فرق کم از کم 40 منٹ سے زیادہ ہوگا، جو کراچی میں 74، جیوانی میں 75، کوئٹہ اور لاہور میں 76، اسلام آباد، چارسدہ، پشاور اور مظفرآباد میں 77 اور گلگت میں 78 منٹ ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ اگر پاکستان کے کسی بھی علاقے میں آسمان صاف ہوگا تو چاند کی رویت ممکن ہوگی۔ اسی بنیاد پر یکم محرم الحرام 27 جون 2025 کو ہوگا جبکہ یوم عاشور 10 محرم الحرام 06 جولائی کو ہوگا۔
دوسری جانب، مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس 26 جون کو کوئٹہ میں طلب کیا گیا ہے، جس کی صدارت چیئرمین مولانا عبدالخبیر آزاد کریں گے۔ لاہور اور اسلام آباد سمیت دیگر زونل کمیٹیوں کے اجلاس بھی اپنے صوبائی ہیڈکوارٹرز میں منعقد ہوں گے۔ چاند کی رویت کا حتمی اعلان مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے چیئرمین کریں گے۔
