آج کی تاریخ

نئے بجٹ میں پراپرٹی بزنس پر ریلیف، سپر ٹیکس میں کمی کا اعلان

وفاقی حکومت نے مالی سال 2025-26 کے بجٹ میں کارپوریٹ شعبے کو اہم ریلیف دینے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ بجٹ تجاویز میں کمرشل جائیدادوں، پلاٹوں اور گھروں کی منتقلی پر عائد فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی ختم کرنے اور مختلف سطحوں پر ٹیکس کریڈٹ متعارف کرانے کی منظوری دی گئی ہے۔
20 کروڑ سے 50 کروڑ روپے سالانہ آمدنی والے اداروں پر سپر ٹیکس میں 0.5 فیصد کمی تجویز کی گئی ہے۔ جائیداد کی خریداری پر عائد ودہولڈنگ ٹیکس کی شرح بھی کم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ پہلے سلیب میں 4 فیصد سے کم کر کے 2.5 فیصد، دوسرے سلیب میں 3.5 فیصد سے 2 فیصد، اور تیسرے سلیب میں 3 فیصد سے گھٹا کر 1.5 فیصد کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔
پچھلے سال کے بجٹ میں کمرشل جائیدادوں، گھروں اور پلاٹوں کی منتقلی پر 7 فیصد فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی عائد کی گئی تھی جسے اب ختم کرنے کا اعلان کیا گیا ہے۔
علاوہ ازیں، 10 مرلہ تک کے گھروں اور 2000 مربع فٹ تک کے فلیٹس کے لیے ٹیکس کریڈٹ دیا جائے گا، جب کہ مورگیج فنانسنگ کو فروغ دینے کے لیے بھی اقدامات کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
اسلام آباد میں جائیداد کی خریداری پر اسٹامپ پیپر ڈیوٹی کو بھی 4 فیصد سے کم کر کے 1 فیصد کر دیا گیا ہے۔

شیئر کریں

:مزید خبریں