میپکو میں سنگل فیز میٹر بحران، پانچ ماہ قبل ڈیمانڈ نوٹس جمع، ہزاروں صارفین پریشان

میلسی(نامہ نگار) میپکو میں سنگل فیز میٹر بحران، پانچ ماہ قبل ڈیمانڈ نوٹس جمع کرانے والے ہزاروں صارفین پریشان، وزیراعظم، وفاقی وزیر اور وزیر مملکت سے صورتحال کا نوٹس لینے کا مطالبہ۔ملتان الیکٹرک پاور کمپنی کے زیر انتظام 9 سرکلز میں نئے سنگل فیز بجلی میٹرز کی عدم فراہمی نے سنگین صورت اختیار کر لی۔ پانچ ماہ قبل اگست 2025ء میں نئے سنگل فیز کنکشن کے حصول کے لئے ڈیمانڈ نوٹس جمع کرانے والے ہزاروں صارفین تاحال میٹرز سے محروم ہیں جبکہ اب میپکو انتظامیہ انہیں بازار سے پرائیویٹ طور پر سنگل فیز میٹر خریدنے کے لئے مجبور کر رہی ہے متاثرہ صارفین مزدور پیشہ محمد الیاس،ذیشان احمد، محمد نوید، محمد عمران کہنا ہے ہم غریب لوگ ہیں ہم لوگوں نے بمشکل پہلے والے ڈیمانڈ نوٹس کی رقم ادا کی ہے اب مزید رقم کی ادائیگی کی سکت نہیں ہے اور ہم نے اگست 2025ء میں اس وقت کے مروجہ طریقہ کار کے تحت نئے کنکشن کے لیے ڈیمانڈ نوٹس ادا کیے تھے بعد ازاں ادارے کی جانب سے اکتوبر 2025ء میں پرائیویٹ سنگل فیز میٹر خریداری کی نئی پالیسی نافذ کی گئی مگر یہ فیصلہ ان کی ادائیگیوں کے بعد سامنے آیا ہے صارفین کا مؤقف ہے کہ نئی پالیسی کا اطلاق ان پر نہیں ہوتا کیونکہ وہ پہلے ہی مکمل ادائیگیاں کر چکے ہیں جب نیا مروجہ طریقہ کار لاگو نہیں ہوا تھا۔ صارف محمد علی اور مقبول حسین سبزی فروش ہیں انکا کہنا ہے کہ اگر ادارے نے نئی پالیسی کا اطلاق کرنا تھا تو ہم سے ڈیمانڈ نوٹس کیوں ادا کرایے گئے اسی طرح محمد اظہر، محمد ارسلان ، محمد رمضان اور محمد اکرام نے کہا کہ دفاتر کے چکر لگا لگا کر تھک چکے ہیں لیکن ہماری شنوائی نہیں ہو رہی، ذرائع کے مطابق میپکو سرکل وہاڑی میں تقریباً تین ہزار صارفین نے نئے احکامات سے قبل سنگل فیز میٹرز کے لئے ڈیمانڈ نوٹس جمع کرائے ان میں سے قریب 400 صارفین دفاتر کے طویل چکروں اور تاخیر سے تنگ آ کر تقریباً 25 ہزار روپے فی سنگل فیز میٹر مالیت کے پرائیویٹ میٹر خرید کر کنکشن حاصل کر چکے ہیں جبکہ تقریباً 2600 صارفین اب بھی میٹر کی فراہمی کے منتظر ہیں اگر بات کی جائے میپکو ڈویژن میلسی کی تو پانچ سو سے زائد افراد، وہاڑی ڈویژن میں 750 صارفین اور بورے والا ڈویژن میں 1675 صارفین کنکشن کے منتظر ہیں۔ متاثرین کا کہنا ہے کہ وہ مجموعی طور پر لاکھوں روپے ڈیمانڈ نوٹس کی مد میں جمع کرا چکے ہیں مگر میپکو انتظامیہ اب انہیں میٹر نجی خریداری کے ذریعے مزید کروڑوں روپے کا اضافی مالی بوجھ برداشت کرنے پر مجبور کر رہیصارفین نے مؤقف اختیار کیا کہ اگر ادارہ نئی پالیسی نافذ کرنا چاہتا ہے تو اس کا اطلاق مستقبل کی درخواستوں پر کیا جائے نہ کہ ان صارفین پر جنہوں نے پہلے ہی قواعد کے مطابق ادائیگیاں مکمل کر رکھی ہیں انہوں نے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا کہ پرانی پالیسی کے تحت ڈیمانڈ نوٹس ادا کرنے والوں کو فوری طور پر میپکو انتظامیہ سنگل فیز میٹر فراہم کرے جس طرح پہلے فراہم کئے جاتے تھے تاکہ دفاتر کے غیر ضروری چکروں کا سلسلہ ختم ہو سکے اور میپکو پر عوامی اعتماد بحال ہو سکے، تاہم میپکو حکام سے بار بار موقف کے لئے کوشش کے با وجود انکا کوئی موقف سامنے نہیں آ سکا۔

شیئر کریں

:مزید خبریں