
ملتان (عوامی رپورٹر)واپڈا ٹاؤن کے رہائشی چوہدری ناصر محمود نے چیئرمین نیپرا اسلام آباد کے نام ایک درخواست میں الزام عائد کیا ہے کہ میپکو حکام لائن لاسز کو کم کرنے اور متوازی کرنے کے لیے بہاولپور اور ڈی جی خان میں سولر انرجی صارفین کے ایکسپورٹ یونٹس کے اکاؤنٹ میں بڑے پیمانے پر گھپلے کر رہے ہیں اور دونوں آپریشن سرکلز کے لائن لاسز کو دانستہ طور پر گرین میٹروں کی ریڈنگ میں ہیر پھیر کرکے برابر کیا گیا ہے۔ اس تمام تر منظم واردات کا مرکزی کردار جنرل منیجرآپریشن میپکو خالد محمود ہیں جو کہ ان دنوں فیسکو میں تعینات ہو چکے ہیں۔ انہوں نے کمپنی کی سطح پر لائن لاسز کو کور کرکے جعلی طور پر کمپنی کی بہتر کارکردگی ظاہر کی اور اسی فرضی و جعلی کارکردگی کی بنیاد پر میپکو کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کی آنکھوں میں دھول جھونکتے ہوئے کمپنی کی سطح پر اپنے لیے بونس منظور کروایا اور کمپنی کو کم و بیش 60 کروڑ روپے کا مجموعی طور پر ان کے اس اقدام سے نقصان ہوا۔ میپکو ہی کے جام گل محمد زاہد نے ڈبل تنخواہ کا بونس لیا اور خالد محمود جنرل منیجرنے ڈیڑھ گنا بونس وصول کیا۔ درخواست کا متن درج ذیل ہے۔جناب عزت ماب چیئرمین صاحب اسلام آباد، عنوان میپکو میں کرپشن سکینڈل کروڑوںسولر یونٹس کا مبینہ ہیر پھیر خالد محمود جی ایم آپریشن حال تعینات سی ای او آئیسکواور جام گل محمد زاہد سی ای او میپکو ودیگر ملوث ۔جناب عالی موثر ترین ذرائع کے مطابق میپکو ملتان نے لائن لاسز کو بیلنس کرنے کے لیے آپریشن سرکل میپکو بہاولپور اور ڈی جی خان میں سولر انرجی صارفین کے ایکسپورٹ یونٹس کو اکاؤنٹ فار نہیں کیا اور دونوں آپریشن سرکلز کے لاسز کو کم ظاہرکیا گیا ہے۔ اس واردات کا منصوبہ ساز خالد محمود جنرل منیجر آپریشن میپکوحالیہ سی ای او آئیسکو تھا تاکہ کمپنی لیول پر لائن لاسز کو کور کر کے کمپنی کی بہتر کارکردگی ظاہر کی جا سکے۔ خالد محمود جی ایم آپریشن نے اسی فرضی وجعلی کارکردگی بنیاد پر میپکو بی او ڈی کی آنکھوں میں دھول جھونکتے ہوئے کمپنی لیول پر بونس منظور کرایا اور کمپنی کو کم و بیش 60 کروڑ روپے کا نقصان پہنچایا ۔جام گل محمد زاہد نے ڈبل تنخواہ کا بونس لیا اور خالد محمود جی ایم نے ڈیڑھ گنا بونس وصول کیا ۔یہ بھی شنید ہے کہ میپکو ملتان آپریشن سرکل میں امجد نواز بھٹی ایس ای آپریشن نے جن میٹرز پر ڈیفیکٹو کوڈ لگے ہوئے تھے ایم این ٹی سے رپورٹ کروا کر ڈبل ڈیٹیکشن بل چارج کروائے اور ان صارفین سے زیادتی کرتے ہوئے ڈبل ایوریج بھی چارج کی تاکہ سرکل لیول پر لائن لاسز کو فرضی طور پر کم ظاہر کیا جا سکے اس طرح صارفین کا استحصال کیا گیا جناب والا یہ اربوں روپے کی کرپشن کا سکینڈل ہے لہٰذا اس سارے کیس کی پڑتال ریکارڈ سے کی جا سکتی ہے۔ اس معاملے پرمیپکو ترجمان کا موقف جاننے کے لیے رابطہ کیا گیا لیکن انکا جواب نہیں آیا۔