میلسی (نمائندہ قوم، سٹی رپورٹر،خبرنگار)خسرہ سے مزدور کے تین بچے جاںبحق ایک کی حالت نازک ہے۔تفصیل کے مطابق گزشتہ روز میلسی کے نواحی علاقہ موضع سنڈھل میں مزدور محمد عمران کے تین بچے ریحان،افغان جڑواں عمر چھ ماہ،خان عمر تین سال اچانک فوت ہو گئے جبکہ چوتھے بیٹے خرم عمر پانچ سال کی حالت نازک ہے۔ اس بارے بچوں کے والد محمد عمران نے بتایا کہ بچوں کا حفاظتی ٹیکے نہیں لگائے گئے جس کی وجہ سے انہیں خسرہ نکل آیا۔ مقامی ہسپتال میں لے کر جاتے رہے مگر کوئی توجہ نہیں دی گئی حالت نازک ہونے پر میلسی سرکاری ہسپتال لے گئے جنہوں نے بہاولپور ریفر کر دیا مگر ہم غریب لوگ تھے انہیں گھر لے آئے جہاں پر ایک بچہ صبح اور دو بچے دوپہر کو فوت ہو گئے جبکہ پانچ سالہ خرم کی حالت نازک ہے بچوں کی نماز جنازہ میں سینکڑوں افراد میں شرکت کی۔ اس بارے کسان اتحادکے ضلعی صدر شبو خان بلوچ تحصیل میلسی کے صدر ڈاکٹر اے ڈی شہری ایکشن کمیٹی کے چیئرمین راؤ ظفر اقبال ایڈووکیٹ اصغر مقبول ایڈووکیٹ نے محکمہ ہیلتھ کی مجرمانہ غفلت اور بے حسی پر شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب محترمہ مریم نواز شریف عوام کو صحت کی سہولیات فراہم کرنے کے لیے اقدامات کر رہی ہیں مگر ذمہ دار افسران کی غفلت سے معصوم بچے موت کے منہ میں جا رہے ہیں انہوں نے وزیراعلیٰ پنجاب محترمہ مریم نواز شریف سے کاروائی کا مطالبہ کیا ہے۔دوسری جانب میلسی کے نواحی علاقے موضع سنڈھل میں3بچوں کی اچانک موت پر وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کا نوٹس معاملے کی تحقیقات کیلئے 3 رکنی کمیٹی تشکیل دیدی گئی نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا ۔کمیٹی کی سربراہ ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز ڈاکٹر سمرا خرم ہونگیں جبکہ ممبران ایڈیشنل ڈائریکٹر (سرویلینس) ڈاکٹر مہوش اور ڈویژنل آفسیر ڈبلیو ایچ او ڈاکٹر محمد شوکت ہونگے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق کمیٹی جائے وقوعہ کا وزٹ کرے گی کمیٹی بچوں کی موت کی وجہ کا تعین کرے گی کمیٹی اس بیماری میں مبتلا مزید بچوں کا معائنہ کرے گی اور اہل علاقہ سے معلومات لے گی اگر فوت ہونے والے بچوں نے کسی بھی ہسپتال میں علاج سے علاج کروایا ہے تو کمیٹی اس ہسپتال کا وزٹ کرے گی اور اس کا مکمل ریکارڈ چیک کرے گی کمیٹی بچوں کی ویکسین کا ریکارڈ چیک کرے گی کمیٹی ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی کے عہدیداران سے ملاقات بھی کرے گی کمیٹی 48 گھنٹوں میں بچوں کی موت کی وجہ معلوم کرکے رپورٹ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کوپیش کرے گی۔علاوہ ازیں موضع سنڈھل میں خسرہ یا پراسرار بیماری سےتین بچوں کی ہلاکت کے بعد میڈیا پر خبر آنے سے محکمہ ہیلتھ کےافسران متحرک ہوگئے۔ڈویژنل ہیڈڈاکٹرشوکت،سی ای او وہاڑی ڈاکٹر فہد وحید،ڈی ایچ او وہاڑی ڈاکٹرفاضل،ڈپٹی ڈی ایچ او ڈاکٹرناصرعثمانی کی قیادت میں کیمپ لگایاگیااوربستی کےتمام لوگوں کی سکر یننگ کی گئی اورانہیں صحت کی سہولیات فراہم کی گئیں۔ چیف ایگز یکٹو آفیسر ہیلتھ وہاڑی ڈاکٹر فہد وحید نےکہاکہ تین بچوں کی خسرہ سے جاں بحق کی خبر کے بعد محکمہ صحت کی ٹیموں نے موضع سنڈھل یونین کونسل نمبر 43میلسی میں تقریباً 250 گھروں کا وزٹ کیا وہاں کوئی بھی بچہ مزید بخار کے ساتھ نہیں ملا۔عمران کے چار بچوں میں ہی یہ بیماری پائی گئی عمران کی شادی کزن سے ہوئی۔ چاروں بچے میل ہیں اور ایک بچہ سیریس حالت میں چلڈرن کمپلیکس ملتان میں داخل کرادیاہے جس کاعلاج جاری ہے ۔







