میاں چنوں : شہر کا واحد اسٹیڈیم شدید بدانتظامی اور زبوں حالی کا شکار ہو چکا ہے، لیکن متعلقہ حکام کی جانب سے اس کی بحالی کے لیے کوئی اقدامات نہیں کیے جا رہے۔ مقامی شہریوں کا کہنا ہے کہ یہ اسٹیڈیم، جو نوجوانوں کے لیے کھیلوں کی واحد سہولت تھا، اب غیر سماجی عناصر اور منشیات کے عادی افراد کا ٹھکانہ بن چکا ہے۔ شہریوں کے مطابق، اسٹیڈیم کی خستہ حالی اور مناسب دیکھ بھال نہ ہونے کے باعث یہاں کھیلوں کی سرگرمیاں ختم ہو چکی ہیں، جبکہ غیر قانونی سرگرمیوں میں اضافہ ہو رہا ہے، جو نوجوان نسل کے مستقبل پر منفی اثرات ڈال سکتا ہے۔ عوامی مطالبہ ہے کہ اسٹیڈیم کی فوری مرمت کی جائے اور سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے جائیں، تاکہ کھیلوں کو فروغ ملے اور نوجوان صحت مند سرگرمیوں میں مشغول رہیں۔ اگر کھیل کے میدان آباد نہ کیے گئے تو معاشرتی مسائل میں مزید اضافہ ہو سکتا ہے۔
عوام کو امید ہے کہ حکام جلد اس معاملے پر توجہ دیں گے اور اسٹیڈیم کو دوبارہ کھیلوں کی سرگرمیوں کے لیے بحال کیا جائے گا۔






