اسلام آباد: ملک میں مہنگائی کی شرح میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، جبکہ 17 اشیائے ضروریہ کی قیمتیں مزید بڑھ گئی ہیں۔ وفاقی ادارہ شماریات کی ہفتہ وار رپورٹ کے مطابق مہنگائی کی شرح ہفتہ وار بنیادوں پر 0.24 فیصد بڑھ گئی، جب کہ سالانہ بنیادوں پر یہ شرح کم ہو کر 3.75 فیصد پر آگئی۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ گزشتہ ہفتے 17 اشیا مہنگی اور 14 اشیا کی قیمتوں میں کمی ہوئی۔ چکن فی کلو 40 روپے 34 پیسے، انڈے فی درجن 10 روپے 31 پیسے اور جلانے کی لکڑی فی من 12 روپے 35 پیسے مہنگی ہوئی۔ دال مونگ فی کلو 1 روپے 17 پیسے، دہی، تازہ دودھ، مٹن اور خشک دودھ بھی مہنگی ہونے والی اشیا میں شامل ہیں۔
اسی دوران ٹماٹر فی کلو 9 روپے 1 پیسہ، آلو فی کلو 5 روپے 8 پیسے اور چینی فی کلو 7 روپے 9 پیسے سستی ہوئی۔ اس کے علاوہ ڈیزل، دال مسور اور ایل پی جی سلنڈر کی قیمتیں بھی کم ہوئیں، جبکہ بریڈ، گندم کا آٹا، کپڑے اور 20 دیگر اشیا کی قیمتیں مستحکم رہیں۔







