ملک بھر میں چینی کی قیمتوں میں اضافہ تھمنے کا نام نہیں لے رہا، کراچی، پشاور اور کوئٹہ سمیت کئی شہروں میں چینی مہنگی ہو چکی ہے۔
پشاور کی ریٹیل مارکیٹ میں چینی کی قیمت 190 سے 200 روپے فی کلو تک پہنچ چکی ہے، جب کہ دو ہفتے قبل یہی چینی 180 روپے فی کلو میں دستیاب تھی۔ شوگر ڈیلرز کے مطابق ہول سیل مارکیٹ میں بھی چینی کی قیمت میں اضافہ ہوا ہے، جہاں فی کلو چینی اب 179 روپے میں فروخت ہو رہی ہے، جو گزشتہ روز 178 روپے تھی۔
کوئٹہ میں ریٹیل سطح پر چینی 186 سے 190 روپے فی کلو میں فروخت ہو رہی ہے، جبکہ ہول سیل مارکیٹ میں چینی 183 روپے فی کلو میں دستیاب ہے۔
ادھر کراچی کی ہول سیل مارکیٹ میں چینی کی قیمت میں 2 روپے کا اضافہ ہوا ہے، جس کے بعد قیمت 180 روپے فی کلو تک پہنچ گئی ہے۔ کراچی کی ریٹیل مارکیٹ میں چینی 185 سے 200 روپے فی کلو تک فروخت ہو رہی ہے۔
دوسری جانب حکومت نے چینی کی قیمتوں کو کنٹرول کرنے کے لیے 5 لاکھ ٹن چینی درآمد کرنے کا فیصلہ کیا ہے، جس کے لیے ٹینڈر بھی جاری کر دیا گیا ہے۔ تاہم سابق نگران وفاقی وزیر اور نواز شریف کے قریبی ساتھی فواد حسن فواد نے اس حکومتی اقدام پر اعتراض کرتے ہوئے اسے واپس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔
