ملتان،کراچی،اسلام آباد(قوم نیوز،سٹاف رپورٹر، بیورورپورٹ)پاکستان میں شدید ٹھنڈ کی لہر جاری ہے اور ملک کے مختلف علاقوں میں درجۂ حرارت غیر معمولی طور پر منفی درجے تک پہنچ گیا ہے، جس سے معمولاتِ زندگی متاثر ہو رہے ہیں۔پنجاب میں 16 جنوری تک شدید سردی کی پیش گوئی کر دی گئی ۔سندھ، پنجاب اورخیبر پختونخوا کے متعدد علاقوں میں شدید دھند کے باعث ٹریفک کی روانی معطل ہے۔ملتان ،لاہور سمیت پنجاب بھرمیں دھند کےباعث فلائٹ شیڈول جزوی متاثر ہے، بیرون ملک جانے والی متعدد پروازیں تاخیر کا شکار ہیں۔دھند کے سبب حد نگاہ کم ہونے پر ایم2 ٹھوکرنیازبیگ سےچکری ، ایم 3 فیض پور سےدرخانہ، ایم 4 پنڈی بھٹیاں سےشیرشاہ تک بند ہے۔اس کے علاوہ ایم5 شیر شاہ سےسکھر، ایم 14 انجراسے عیسیٰ خیل تک بند ہے۔ سیہون سےلاڑکانہ تک مختلف مقامات پرحدِ نگاہ 10سے30 میٹر رہ گئی ۔دوسری جانب سمہ سٹہ کےقریب دھند کےباعث ٹرک کی ٹکر سے موٹر سائیکل سوار جاں بحق اور 2 افراد زخمی ہوگئے۔پی ڈی ایم اے پنجاب کے مطابق راولپنڈی، مری، گلیات، پوٹھوہار ریجن میں شدید سردی کے ساتھ برفباری کے امکانات ہیں۔ٹورازم ڈپارٹمنٹ، ایجوکیشن، ہیلتھ، زراعت، لوکل گورنمنٹ، فاریسٹ، سی اینڈ ڈبلیو، ٹرانسپورٹ، ریسکیو 1122، نیشنل ہائی وے اور پولیس ڈیپارٹمنٹ کو مراسلہ جاری کر دیا گیا۔ملتان،لیہ، چوک اعظم سمیت جنوبی پنجاب بھر میں شدید سردی کی لہر نے معمولاتِ زندگی کو مفلوج کر دیا۔ درجۂ حرارت میں غیر معمولی کمی کے باعث شہر بھر میں کاروباری سرگرمیاں بری طرح متاثر ہوئیں۔ دکاندار سردی سے بچاؤ کے لیے دکانوں کے سامنے آگ جلا کر بیٹھے رہے جبکہ گاہکوں کی آمد نہ ہونے کے برابر رہی، جس سے کاروبار تقریباً ٹھپ ہو کر رہ گیا شدید سردی اور برفانی ہواؤں کے باعث شہری گھروں میں محصور ہو گئے اور غیر ضروری طور پر باہر نکلنے سے گریز کرتے رہے۔ سڑکیں سنسان اور بازار ویران دکھائی دئیے ۔کراچی سمیت ملک بھر میں شدید سردی کی لہر جاری ہے۔ پنجاب کی بات کی جائے تو پنجاب میں سردی اپنے عروج پر ہے جبکہ 10 سے 16 جنوری کے دوران پنجاب میں شدید سردی، دھند، برفباری کا الرٹ جاری ہو گیا ہے۔دوسری جانب ہنزہ میں درجۂ حرارت منفی 20 تک ریکارڈ کیا گیا جو انتہائی شدید سردی کی نشاندہی ہے۔ کوئٹہ میں بھی منفی 1 کے قریب درجہ حرارت ریکارڈ ہوا۔کراچی جیسے ساحلی شہر میں بھی ٹھنڈی ہوائیں چلنے سے درجہ حرارت سنگل ڈیجٹ تک گر گیا ہے جو کہ تقریباً 7 سے 9 ہے۔پنجاب، خیبرپختونخواہ اور دیگر علاقوں میں صبح کے وقت گہری دھند کے باعث غیرضروری سفر سے گریز کرنے کا کہا گیا ہے جبکہ ٹریفک بھی متاثر ہے۔این ڈی ایم اے اور محکمہ موسمیات نے شدید سردی اور گرم کپڑوں، احتیاطی تدابیر کی ہدایات جاری کی ہیں۔







