نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے حالیہ مون سون بارشوں سے متعلق نقصانات کی تفصیلی رپورٹ جاری کر دی ہے، جس کے مطابق 26 جون سے اب تک ملک بھر میں 245 افراد جاں بحق اور 602 سے زائد زخمی ہو چکے ہیں، جن میں بڑی تعداد بچوں کی ہے۔
رپورٹ کے مطابق بارشوں سے جاں بحق ہونے والوں میں 118 بچے، 83 مرد اور 44 خواتین شامل ہیں، جبکہ زخمی ہونے والوں میں 202 بچے، 232 مرد اور 168 خواتین شامل ہیں۔
پنجاب سب سے زیادہ متاثرہ صوبہ رہا، جہاں 135 افراد زندگی کی بازی ہار گئے اور 470 زخمی ہوئے۔ خیبر پختونخوا میں 59 ہلاکتیں اور 73 زخمیوں کی اطلاع ملی، جبکہ سندھ میں 24 افراد جاں بحق اور 40 زخمی ہوئے۔
بلوچستان میں 16 افراد، گلگت بلتستان میں 3 اور آزاد کشمیر میں 2 افراد جاں بحق ہوئے۔ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں بھی 6 اموات رپورٹ ہوئیں۔
رپورٹ کے مطابق حالیہ 24 گھنٹوں کے دوران خیبر پختونخوا میں مزید 3 ہلاکتیں اور 2 زخمی جبکہ اسلام آباد میں 2 افراد زخمی ہوئے۔
مزید تفصیلات میں بتایا گیا ہے کہ بارشوں کے نتیجے میں 854 مکانات مکمل یا جزوی طور پر تباہ ہوئے، جبکہ 208 مویشی بھی ہلاک ہو گئے۔
این ڈی ایم اے کے مطابق زیادہ تر اموات گھروں کے گرنے، پانی میں ڈوبنے، لینڈ سلائیڈنگ اور اچانک سیلابی ریلوں کی وجہ سے ہوئیں۔
