لاہور: پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر ملک احمد خان بھچر نے 9 مئی کے مقدمے میں انسداد دہشت گردی عدالت کی جانب سے سنائی گئی سزا کو لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کرنے کا اعلان کر دیا۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ملک احمد بھچر کا کہنا تھا کہ ان کے خلاف قائم مقدمہ سیاسی نوعیت کا ہے اور اس پر دیا گیا فیصلہ آئینی اصولوں کے خلاف ہے۔ انہوں نے کہا کہ قانونی تقاضے پورے کیے بغیر انہیں سزا سنائی گئی، اور یہ فیصلہ انصاف کے بجائے سیاسی دباؤ پر دیا گیا۔
اپوزیشن لیڈر نے الزام لگایا کہ چھبسویں آئینی ترمیم کے بعد عدالتیں حکومتی کنٹرول میں چلی گئی ہیں، اور 9 مئی سے متعلق مقدمات میں ایسی ہی عدالتی کارروائیاں متوقع تھیں۔
ان کا کہنا تھا کہ جیسے ہی تحریری فیصلہ موصول ہوگا، وہ لاہور ہائیکورٹ سے رجوع کریں گے۔ اپنی ممکنہ نااہلی کے حوالے سے سوال پر انہوں نے کہا کہ ابھی کچھ کہنا قبل از وقت ہوگا۔
