ملتان (نمائندہ خصوصی،کرائم رپورٹر) سی پی او ملتان صادق علی ڈوگر نے ایس ایس پی آپریشنز ملتان حیدر علی اور ایس پی کینٹ کائنات اظہر کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا ہے کہ ملتان پولیس نے شہر میں جرائم
کے خاتمے کے لیے جاری کارروائیوں کے دوران بڑی کامیابی حاصل کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پولیس ٹیموں نے انتہائی محنت اور پیشہ ورانہ مہارت سے اہم مقدمات کو ٹریس کیا جس پر وہ داد کے مستحق ہیں، جبکہ مزید کارروائیاں جاری ہیں اور جلد مزید ملزمان کو بھی گرفتار کر لیا جائے گا۔سی پی او ملتان کے مطابق کینٹ ڈویژن نے ڈکیتی، سرقہ بالجبر، موٹر سائیکل اور وہیکل چوری کی وارداتوں میں ملوث 27 گینگز کے 58 ارکان کو گرفتار کر لیا ہے۔ کارروائیوں کے دوران 8 کروڑ 62 لاکھ روپے سے زائد مالیت کا مسروقہ سامان برآمد کیا گیا، جس میں ایک کار، 73 موٹر سائیکلیں اور 3 کروڑ 82 لاکھ روپے سے زائد نقدی شامل ہے۔انہوں نے کہا کہ کارروائیوں کے دوران بھاری مقدار میں منشیات بھی برآمد کی گئیں، جن میں 35 کلو گرام چرس، 21 کلو گرام ہیروئن، 18 کلو گرام آئس اور 7846 لیٹر شراب شامل ہے، جبکہ ملزمان سے وارداتوں میں استعمال ہونے والا اسلحہ بھی قبضے میں لیا گیا، جس میں 61 پسٹل، 4 ریوالور، 15 بارہ بور گنز اور 191 روند شامل ہیں۔ مزید برآں 269 اشتہاری مجرمان اور 115 عدالتی مفرور بھی گرفتار کیے گئے جبکہ مجموعی طور پر 802 مقدمات کو ٹریس کیا گیا۔کینٹ سرکل پولیس نے 11 گینگز کے 20 ملزمان کو گرفتار کر کے ایک کروڑ 77 لاکھ روپے سے زائد مالیت کا مسروقہ سامان برآمد کیا، جس میں 24 موٹر سائیکلیں اور ایک کروڑ 9 لاکھ روپے سے زائد نقدی شامل ہے، جبکہ 262 مقدمات ٹریس کیے گئے -ممتازآباد سرکل پولیس نے 7 گینگز کے 19 ملزمان کو گرفتار کر کے 4 کروڑ 9 لاکھ روپے سے زائد مالیت کا سامان برآمد کیا، جس میں ایک کار، 26 موٹر سائیکلیں اور ایک کروڑ 8 لاکھ روپے سے زائد نقدی شامل ہے۔ اس سرکل میں 286 مقدمات ٹریس کیے مظفرآباد سرکل پولیس نے 9 گینگز کے 19 ملزمان کو گرفتار کر کے 2 کروڑ 75 لاکھ روپے سے زائد مالیت کا مسروقہ سامان برآمد کیا، جس میں 23 موٹر سائیکلیں اور ایک کروڑ 64 لاکھ روپے سے زائد نقدی شامل ہے، جبکہ 254 مقدمات ٹریس کیے گئے۔سی پی او ملتان نے مزید بتایا کہ برآمد ہونے والا مال اصل مالکان کے حوالے کر دیا گیا ہے، جس پر شہریوں نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے پولیس کی کارکردگی کو سراہا۔







