ملتان (سٹاف رپورٹر) گورنمنٹ آفیسرز کوآپریٹو ہاؤسنگ سوسائٹی ملتان میں ہونے والے کروڑوں روپے کے گھپلوں اور غیر قانونی مٹی کی چوری کے حوالے سے درجنوں شکایات کے بعد رجسٹرار کوآپریٹو سوسائٹی پنجاب کے حکم پر جوائنٹ رجسٹرار فیلڈ راولپنڈی ڈویژن حافظ منیب الرحمٰن نے 48 صفحات پر مشتمل انکوائری رپورٹ جمع کروا دی ہے اور اس میں سفارش کی گئی ہے کہ سابق صدر کوآپریٹو سوسائٹی غفار احمد شاہد سے ریکوری کروائی جائے اور فیز 1 میں ان کے نام الاٹ شدہ پلاٹ 45، 57 کو منسوخ کر کے یہ پلاٹ اوریجنل الاٹی کے حوالے کیے جائیں، سوسائٹی کا مکمل فارنزک آڈٹ کروایا جائے اور زمین کی خریداری میں ہونے والے گھپلوں کی تحقیقات کروائی جائے ۔سوسائٹی کو چلانے کے لیے ایڈمنسٹریٹر کا تقرر کیا جائے اور سوسائٹی کے لیے زمین فراہم کرنے والے ملک نصیر احمد کے خلاف بھی کارروائی کی جائے، ان کی اپنی ہاؤسنگ سکیم نایاب گارڈن فریز کرنے کے ساتھ ساتھ ان کے اکاؤنٹس بھی فریز کر دیئے جائیں اور ان کے خلاف نیب اور اینٹی کرپشن میں کارروائی شروع کروائی جائے۔ یہ رپورٹ جوائنٹ رجسٹرار کوآپریٹو سوسائٹی راولپنڈی ڈویژن کی جانب سے 27 نومبر 2025 کو حوالہ نمبر 1240 کے تحت رجسٹرار کوآپریٹو سوسائٹی پنجاب کو بھجوائی گئی جس پر 8 دسمبر 2025 کو رجسٹرار کوآپریٹو سوسائٹیز پنجاب نے جوائنٹ رجسٹرار ایڈمن اور جوائنٹ رجسٹرار ہاؤسنگ کو اس رپورٹ کا مکمل معائنہ کرنے کا حکم دیا ہے اور ساتھ ہدایت کی ہے کہ اس میں کسی قسم کی تاخیر نہ کی جائے۔







