آج کی تاریخ

ملتان: کرپٹ کانسٹیبل کے ہاتھوں یتیم لڑکی کی زندگی، عزت برباد، دھمکیاں

ملتان ( قوم شکایات سیل) محافظ سکواڈ ملتان پولیس کے کانسٹیبل شہباز اختر نے میری اور میرے خاندان کی زندگی اجیرن کر رکھی ہے۔ میرا نہ والد ہے نہ والدہ اور اس لحاظ سے میں یتیم بھی ہوں اور مسکین بھی۔ میں اپنے رشتہ داروں کے گھر پناہ گزین ہوں لیکن اب شہباز اختر نامی کانسٹیبل جس کا پیٹی نمبر 2693 ہے، میرے رشتہ داروں کو بھی ہراساں کر رہا ہے اور آئے روز غنڈا عناصر کو دھمکانے کے لیے گھر بھیج رہا ہے۔ یہ باتیں روزنامہ قوم ملتان کے دفتر میں 22 سالہ تانیہ نے روتے اور ہاتھ جوڑتے ہوئے بتائیں اور کہا کہ وہ ایف اے کرنے کے بعد بی اے میں داخلے کے لیے کوشش کر رہی تھی کہ شہباز اختر کا اس سے رابطہ ہو گیا۔ اس نے شادی کا لالچ دے کر مجھے بے آبرو کیا میری نازیبا ویڈیو بنائی اور مجھ پر آئے روز تشدد کرنا اس نے معمول بنا لیا ۔مجھ سے پہلے اس نے مقدس نامی ایک خاتون کے ساتھ نکاح کیا اور اسے طلاق دے دی پھر سونیا نامی لڑکی کو نکاح کے چند ماہ بعد ہی طلاق دے کر خود سے علیحدہ کر دیا۔ تانیہ نے بتایا کہ اپنے مشکوک کردار کی وجہ سے یہ نوکری سے برخاست بھی ہو چکا ہے مگر پھر اس نے میری واحد ملکیت طلائی انگوٹھی بیچ کر کسی کو رشوت دی اور اپنی بحالی کروا لی۔ اب شہباز اختر مجھے کھلے عام دھمکیاں دے رہا ہے کہ ہمارے پاس جرائم پیشہ افراد کی لائن لگی ہوتی ہے، میرے ایک اشارے کی دیر ہے اور تمہارا کام تمام ہو جائے گا ۔تم سے پہلے تو میں نے طلاقیں دی تھیں، تمہیں ایسا سبق دوں گا کہ تمہارا پورا خاندان اور نسلیں یاد رکھیں گی۔ تانیہ بی بی نے سی پی او ملتان صادق ڈوگر اور آر پی او ملتان سہیل چوہدری سے اپیل کی ہے کہ اسے تحفظ فراہم کیا جائے۔

شیئر کریں

:مزید خبریں