آج کی تاریخ

ملتان ڈویژن: قبضہ مافیا کیخلاف “قوم” کی آواز، وزیر ریلوے کا نوٹس، کاروائی کا حکم

بہاولپور (کرائم سیل) قبضہ مافیا کے خلاف سخت موقف اور عملی اقدامات کے حوالے سے شہرت رکھنے والے وفاقی وزیر برائے ریلوے محمد حنیف عباسی نے روزنامہ قوم کی خبر میں کی گئی نشاندہی پر پاکستان ریلوے ملتان ڈویژن کی اربوں روپے مالیت کی سرکاری اراضی پر قبضے کے معاملے کا نوٹس لیتے ہوئے فوری ایکشن کا حکم دے دیا ہے۔ وزیر موصوف نے واضح کیا کہ سرکاری زمینوں پر قبضہ کرنے والوں اور ان کے سہولت کاروں کے خلاف بلاامتیاز اور سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ادھر روزنامہ قوم نے وفاقی وزارتِ ریلوے اور وفاقی تحقیقاتی ادارے (FIA) کے اعلیٰ افسران کو اس انکوائری میں شامل کرنے کا مطالبہ کیا ہے تاکہ ملتان ڈویژن سمیت دیگر علاقوں میں ریلوے اراضی پر قابض مافیا اور ان کے سرپرستوں کے خلاف مؤثر اور فیصلہ کن کارروائی کی جا سکے، اور قومی اثاثے واپس حاصل کیے جا سکیں۔یاد رہے کہ ریلوے ملتان ڈویژن میں طویل عرصے سے ریلوے اراضی پر قبضہ اور کرپشن سے متعلق شکایات عام ہیں، جن میں مبینہ طور پر محکمہ کے مقامی اہم افسران بھی ملوث پائے گئے ہیں۔ خاص طور پر انسپکٹر آف ورکس (IOW) کی طویل تعیناتی اور مبینہ کرپشن کی شکایات کے باوجود ان کے خلاف صرف معمولی شوکاز نوٹسز تک محدود خانہ پری پر مشتمل کارروائیاں کی گئیں جب کہ عملی سطح پر کوئی خاطر خواہ اقدام دیکھنے میں نہیں آیا۔ قابلِ ذکر بات یہ ہے کہ ان افسران کا تبادلہ صرف کاغذی کارروائی کی حد تک ایک سٹیشن سے دوسرے اسٹیشن کیا جاتا رہا، لیکن حقیقت میں وہی مقام ان کے اختیار میں برقرار رہتا ہے۔روزنامہ قوم نے قومی ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے متعدد بار ریونیو ریکارڈ اور موقع پر معائنے کی بنیاد پر تفصیلات جمع کیں اور ریلوے کے متعلقہ حکام بشمول ڈویژنل سپرنٹنڈنٹ (DS)، ملتان کو آگاہ کیا مگر تاحال کوئی موثر ایکشن نہ لیا گیا۔ذرائع کے مطابق ایک سینئر افسر نے یہ انکشاف کیا کہ “قبضہ مافیا اتنا طاقتور اس لئے ہو چکا ہے کہ مقامی ریلوے افسران خود اس کی پشت پناہی کر رہے ہیں، اسی لئے محکمانہ سطح پر ان کے خلاف مؤثر کارروائی ممکن نہیں جب تک کہ اعلیٰ سطح کی وزارت اور وفاقی ادارے مداخلت نہ کریں۔ قابلِ ذکر امر یہ ہے کہ سمہ سٹہ ریلوے اسٹیشن سے یزمان، فورٹ عباس اور بہاولپور سے منڈی صادق گنج تک ریلوے ٹریک غیر فعال ہے، جس کے باعث اعلیٰ حکام ان علاقوں پر سرے سے توجہ ہی نہیں دیتے۔ یہی غفلت انسپکٹر آف ورکس جیسے بااثر مگر مبینہ طور پر کرپٹ افسران کے لیے موقع بن گئی ہے کہ وہ قبضہ مافیا کے ساتھ مل کر سرکاری زمین پر کھلے عام غیر قانونی تعمیرات کروائیں۔سپریم کورٹ آف پاکستان کی ہدایات کے باوجود ڈی ایس ریلوے ملتان کی جانب سے کی جانے والے اقدامات صرف کاغذی کارروائیوں تک محدود ہیں، جس سے واضح ہوتا ہے کہ اصل مسائل جوں کے توں برقرار ہیں۔ بہاولپور کے عوامی، سماجی اور سیاسی حلقوں نے روزنامہ قوم کی اس تحقیقی و جرات مندانہ کاوش کو سراہا ہے اور وفاقی وزیر ریلوے کے فوری نوٹس اور ممکنہ اقدامات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ ایسے بااثر قبضہ مافیا کے خلاف سخت اور فوری اقدامات کیے جائیں تاکہ قومی اثاثوں کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔

شیئر کریں

:مزید خبریں