ملتان(کرائم رپورٹر)سی پی او ملتان صادق علی ڈوگر کی کارکردگی 8 سال کے سی پی اوز کی مجموعی کارکردگی سے بھی کئی گنا زیادہ ہےجو ملتان پولیس میں ایک تاریخ رقم کررہی ہے۔پولیس ترجمان کی جانب سے جاری کردہ پریس ریلیز میں یہ انکشاف کیا گیا ہے کہ ملتان پولیس کے سربراہ ڈی آئی جی صادق علی ڈوگر نے اپنی تعیناتی کے دوران انصاف کے تقاضے پورے کرتے ہوئے 3 ہزار 176 پولیس ملازمین کی اپیلوں کی سماعت کی جن میں اکثر اپیلوں میں ایسے اہلکار شامل تھے جنہیں غیر ارادی غلطیوں یا چھوٹی کوتاہیوں پر سخت سزائیں دی گئی تھیں۔سی پی او نے ان معاملات کا بغور جائزہ لے کر جہاں ممکن ہوسکا ریلیف دیا تاکہ پولیس فورس کے اندر ایک مثبت،پر اعتماد اور حوصلہ افزا ماحول پروان چڑھ سکے،انہوں نے اپیلوں کے اس نظام کو شفاف،مؤثر اور فوری بنایا تاکہ ہر اہلکار کو یہ یقین ہو کہ اگر اس کے ساتھ ناانصافی ہوئی تو اس کی فریاد سنی جائے گی اور بروقت انصاف بھی فراہم ہو گا۔ ملتان پولیس کے ترجمان کے مطابق سی پی او صادق علی ڈوگر نے ایسے فیصلے کر کے ملتان میں ایک نئی تاریخ رقم کردی ہے جو کہ سابقہ 8 برسوں میں تعینات رہنے والےسی پی اوز مجموعی طور پر بھی نہ کر پائے۔سی پی او کے تاریخی فیصلوں کی وجہ سے پولیس اہلکاروں کا مورال بلند ہوا ہے جسے پولیس اہلکار خوش آئند قرار دیتے ہیں۔
