آج کی تاریخ

ملتان: ٹینڈر سکینڈل، منور قریشی کا پارٹنر حاجی طاہر محفوظ، محکمہ صحت نے پرچیز افسر کی قربانی دیدی

ملتان(سہیل چوہدری سے )محکمہ صحت ملتان میں کروڑوں روپے کے رولز کے برعکس ٹینڈر حاصل کرنے والے سابق چیئرمین یونین کونسل و پی ٹی آئی کے سرکردہ کارکن منور قریشی کا سلیپنگ پارٹنر حاجی طاہر تاحال محکمانہ گرفت اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی آنکھوں سے اوجھل چلا آرہا ہے ۔جبکہ محکمہ صحت ملتان نے روزنامہ قوم کی خبر پر ایکشن لیتے ہوئے زونیر احمد پرچیز آفیسر کو عہدے سے ہٹا دیا ہےجو منور قریشی ،حاجی طاہر،وقاص سینٹری پٹرول گروہ کا چوتھا اہم رکن تھا۔واضح رہے گزشتہ سال 2024 میں پی ٹی آئی کے سرکردہ کارکن منور قریشی نے محکمہ صحت ملتان کے سابق کیشیئرحاجی طاہر کے ساتھ ملکر ڈاکٹر فیصل قیصرانی کو رشوت دیتے ہوئےسب سے پہلے ڈاکٹر فیصل قیصرانی کی جب ملتان تعیناتی ہوئی تو اس وقت انکو جو سرکاری طور پر گھر ملااس گھر کو حاجی طاہر نے لاکھوں روپے مالیت کے فرنیچر،بستر،برتن ،بجلی کے کام،پنکھے،دیواروں کی مرمت سمیت ہر طرح کا تزئین و آرائش کا کام منور قریشی کے ذریعے مکمل کروایا۔جس سے سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر فیصل قیصرانی حاجی طاہر کی چکنی چپڑی باتوں میں آگئے۔اس کے بعد منور قریشی کی انٹری کروائی گئی ۔منور قریشی نے ڈاکٹر فیصل رضا قیصرانی کو کروڑوں روپے کمیشن دینے کا لالچ دیا اور ٹینڈر حاصل کرنے کیلئے حاجی طاہر اور وقاص کو اپنا راز دار بنایا ۔اس دوران منور قریشی نے مذکورہ ملازمین کے ذریعے ٹینڈر حاصل کرنے کا پراسس مکمل کرنا شروع کردیا۔ پھر اچانک اسی دوران حاجی طاہر کو کرپٹ ملازم ہونے کی وجہ سے لاہور تبدیل کردیا گیا۔پھر حاجی طاہر کی جگہ حافظ امین کو کیشیئر کا چارج دے دیا گیاجو فی الحال خوب کمائی میں مصروف ہیں ۔ذرائع کے مطابق تبادلے کے بعد حاجی طاہر نے محکمہ صحت دفتر سے باہر بیٹھ کر منور قریشی کا ساتھ دینے کا پلان تشکیل دیا اور وہ آہستہ آہستہ اپنے مقاصد میں کامیاب ہوتا رہا یہاں تک حالات پہنچ گئے تھے کہ حاجی طاہر کی مرضی کے بغیر کوئی بھی بل پاس نہیں ہوتا تھا ۔دوسری طرف امجد مغل ڈسٹرکٹ اکاؤنٹس آفیسر منور قریشی اور حاجی طاہر کے الٹے سیدھے بلوں کو بغیر عذر پاس کر رہا تھا تاکہ جلدی سے جلدی پیمنٹ کی ادائیگی ہو جائے ۔حاجی طاہر ایک عام سا کلرک ہےجو ہر سال باقاعدگی سے سعودیہ جاتا ہے ۔اس سال بھی اس نے لاکھوں روپے لگا کر حج کیا ۔لیکن حیران کن امر یہ ہے کہ حاجی طاہر ابھی تک قانون نافذ کرنے والے اداروں کی آنکھوں سے اوجھل ہے ۔ وہ کوشش کر رہا ہے کہ چپ کرکے ایل پی آر لے لےتاکہ لوگوں کے منہ سے اس کانام اتر جائے ۔محکمہ صحت ملازمین نے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ حاجی طاہرکی آمدن ،غیر قانونی اثاثے،منور قریشی کے ساتھ پارٹنر شپ اور بیرون ملک سفر کی تفصیل چیک کریں تاکہ اس کے خلاف سخت محکمانہ کارروائی کی جاسکے ۔یاد رہے کچھ دن قبل روزنامہ قوم نے پرچیز آفسیر زونیر احمد کے بارے میں خبردی تھی ۔جس کے بعد محکمہ صحت ملتان نے فارماسسٹ زونیر احمد کو پرچیز آفیسرکے عہدے سے ہٹا دیا ہے ۔انکی جگہ حمزہ کو چارج دیا گیاہے ۔اس حوالے سے حاجی طاہر سے موقف لینے کیلئے رابط کیا گیاتو وہ رابطے نہیں آسکے۔

شیئر کریں

:مزید خبریں