تازہ ترین

ملتان: ٹینڈرنگ کا توڑ، ہارٹیکلچر ایجنسی میں ٹھیکیداروں کو بٹھاکر پول، 25 لاکھ روپے تقسیم

ملتان(شہزاد خان درانی) ہارٹیکلچر ایجنسی کے کاریگر افسران نے ای ٹینڈرنگ کا بھی توڑ نکال لیا‘ ٹھیکیداروں کو دفتر میں بٹھا کر پول کروانے کا ا نکشا ف ہوا ہے۔ سوا دو کروڑ روپے سے زائد کے دو کاموں کے ٹینڈر من پسند ٹھیکیدار کو الاٹ کرنے کے لئے 25 لاکھ روپے سے زائد پول کی رقم ٹھیکیداروں میں تقسیم کی گئی۔ تفصیل کے مطابق گزشتہ دنوں ہارٹیکلچر ایجنسی ملتان کے دو کاموں عید گاہ چوک کے قریب واسا کی جگہ پر پارک کی تعمیر اور شاہ شمس پارک میں بجلی کے نظام کی بہتری و بنچز کی تنصیب کے لئے ٹینڈر جاری کئے گئے۔ ٹینڈر کھلنے کی تاریخ پر تمام ٹھیکیدار ہارٹیکلچر ایجنسی کے دفتر پہنچے تو ڈائریکٹر انجینئرنگ نے انہیں اپنے کمرہ میں بٹھا لیا جہاں پر بیٹھ کر دونوں کاموں کے ٹینڈر کے لئے پول کا فیصلہ کیا گیا اور ای پیڈ پر پیشکشوں کی تعداد دیکھنے کے بعد موقع پر موجود کنٹریکٹرز کی گنتی کی گئی تو تمام ٹھیکیدار موجود پائے گئے جس کے بعد مبینہ طور پر پول کا فیصلہ کیا گیا اور 25 لاکھ روپے پول کی رقم طے ہونے پر ٹھیکیدار امیر احمد چغتائی کو دونوں کام الاٹ کرنے کا فیصلہ کیا گیا جس کے لئے امیر احمد کے علاوہ کم ریٹ دینے والے تمام ٹھیکیداروں نے ای پیڈ سے اپنی پیشکشیں ڈیلیٹ کر دیں۔ پول کروانے میں مبینہ طور پر ڈائریکٹر انجینئرنگ اور ہیڈ کلرک دونوں نے اپنا کردار ادا کیا بعد ازاں ان دونوں افسران اور ایم ڈی اے کا حصہ بھی نکل گیا۔ مذکورہ کام پول کروانے کی وجہ سے سرکار کو تقریباً 50 لاکھ روپے سے زائد نقصان اٹھانا پڑا‘عوامی و سماجی حلقوں نے ڈائریکٹر انٹی کرپشن سے مطالبہ کیا ہے کہ ای ٹینڈرنگ سسٹم کو ناکام بنانے والے ہارٹیکلچر ایجنسی کے افسران کے خلاف کاروائی اور پول کی بنیاد پر الاٹ کروائے گئے کام منسوخ کروائے جائیں۔

شیئر کریں

:مزید خبریں