ملتان: ٹریفک وارڈنز موبائل فونز پر مصروف، شہر میں ٹریفک کا نظام درہم برہم

ملتان (نمائندہ قوم)ملتان شہر میں ٹریفک کا نظام مکمل طور پر درہم برہم ہوچکا ہے۔ ٹریفک قوانین کی کھلم کھلا خلاف ورزیاں معمول بن چکی ہیں۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ شہر کے مصروف ترین چوکوں، شاہراہوں اور بازاروں میں ٹریفک کنٹرول کرنے کے لیے تعینات ٹریفک وارڈنز اپنی اصل ذمہ داریوں سے غافل نظر آتے ہیں اور بیشتر اوقات گپ شپ اور موبائل فون کے استعمال میں مصروف رہتے ہیں۔ذرائع کے مطابق شہر کے ہر دوسرے چوک پر ٹریفک وارڈنز کی موجودگی کے باوجود ٹریفک جام روزمرہ کا معمول بن چکا ہےجس کے باعث شہریوں مریضوں طالب علموں اور دفاتر جانے والے ملازمین کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ ٹریفک سگنلز کی خلاف ورزی، ون وے کی پامالی تیز رفتاری، غلط یو ٹرن اوورلوڈنگ اور موٹر سائیکلوں پر ڈبل سواری ہی نہیں بلکہ ٹرپل سواری بھی عام ہو چکی ہے، مگر مؤثر کارروائی دکھائی نہیں دیتی۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ شہر کے تقریباً ہر بڑے برانڈ، شاپنگ مال ہوٹل اور مارکیٹ کے باہر غیر قانونی پارکنگ معمول بن چکی ہےجہاں گاڑیاں اور موٹر سائیکلیں سڑکوں پر کھڑی کر دی جاتی ہیںجس سے دانستہ چشم پوشی اختیار کی جا رہی ہے۔شہریوں کا کہنا ہے کہ ٹریفک پولیس کی توجہ ٹریفک کنٹرول کرنے کے بجائے مخصوص اوقات میں محض نمائشی چالان تک محدود دکھائی دیتی ہے۔عوامی و سماجی حلقوں نے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ ملتان میں ٹریفک پولیس کی کارکردگی کا فوری اور غیر جانبدارانہ جائزہ لیا جائے۔فیلڈ میں موجود وارڈنز کی ڈیوٹی چیک کی جائے اور غیر قانونی پارکنگ، ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں اور غفلت برتنے والے اہلکاروں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔

شیئر کریں

:مزید خبریں