آج کی تاریخ

ملتان: ویڈا بس حادثہ، انکوائری شروع، کمپنی بلیک لسٹ، صوبہ بھر میں ڈرائیوروں کی دوبارہ جانچ

ملتان(کرائم رپورٹر،نیوزرپورٹر،جنرل رپورٹر) ملتان میںویڈابس کی ٹکرسے نوجوان جاں بحق، 6شہری زخمی ہوگئے۔واقعہ کی انکوائری شروع کردی گئی،کمپنی کو بلیک لسٹ کرنے، صوبہ بھرمیںڈرائیوروں کی دوبارہ جانچ کاحکم دیدیاگیا۔تفصیل کےمطابق ویڈا بس کی بریک فیل ہونے سے زخمی ہونیوالا 15 سالہ نوجوان زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا،لاش پوسٹمارٹم کے بعد ورثاء کے حوالے کردی گئی،پولیس نے ڈرائیور کے خلاف کارروائی شروع کردی گئی،صوبائی وزیر بلال اکبر نےواقعہ پر نوٹس لےلیا،تمام زخمیوں کو بہترین علاج و معالجہ فراہم کرنیکی ہدایات کردی گئیں،میٹرو اور ویڈا بسوں کے تمام ڈرائیوروں کی دوبارہ جانچ کی جائیگی۔یاد رہے کہ اتوار اور پیر کی درمیانی شب چونگی نمبر 22 کے قریب ویڈا بس کی مبینہ طور پر بریکیں فیل ہوگئی تھیں جسکے نتیجہ میں تین موٹر سائیکل سوار 15 سالہ نوجوان حسن سمیت 7 افراد روبینہ بی بی،رمضان،نادیہ بی بی،حبا بی بی ،عبداللہ وغیرہ زخمی ہوگئے تھے،ریسکیو ٹیموں نے تمام زخمیوں کو طبی امداد کے بعد نشتر ہسپتال داخل کروایا جہاں گزشتہ روز 15 سالہ نوجوان حسن زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہوگیا،قطب پور پولیس نے جاں بحق ہونیوالے حسن کا پوسٹمارٹم کروا کر بس ڈرائیور کے خلاف کارروائی شروع کردی ہے۔علاوہ ازیں صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ اینڈ ماس ٹرانزٹ بلال اکبر خان نے ملتان میں ہونیوالے ویڈا بس حادثہ کا نوٹس لیتے ہوئے غفلت برتنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کا حکم دے دیا ہے اور ضلعی انتظامیہ کو حادثہ میں زخمی ہونے والے تمام افراد کو بہترین علاج فراہم کرنے کا حکم دیا ہے۔بلال اکبر خان نے حادثہ کی انکوائری کے لئے خصوصی انکوائری ٹیم بھی تشکیل دیدی ہے،ڈرائیور کی غفلت پائے جانے پر قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائیگی۔بلال اکبر خان نے کہا کہ صوبہ بھر کے تمام ویڈا اور میٹرو بسوں کے ڈرائیوروں کی دوبارہ جانچ کی جائیگی تاکہ دوبارہ اس قسم کے واقعات رونما نہ ہوسکیں۔دوسری جانب افسوسناک واقعے پر کمشنر ملتان عامر کریم خاں نے گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے زخمی افراد کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کرتے ہوئے واقعے کا فوری نوٹس لیا اور ٹرانسپورٹ اتھارٹی، ضلعی انتظامیہ اور ویڈا بس کنٹریکٹر کمپنی کا ہنگامی اجلاس طلب کیا۔اجلاس کے دوران کمشنر عامر کریم خاں نے ویڈا بس کنٹریکٹر پر شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ شہریوں کے جان و مال کا ضیاع کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ معاہدہ اگرچہ اکتوبر میں ختم ہو رہا ہےتاہم اس کا مطلب سروس کو ترک کرنا نہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ عوامی خدمت میں غفلت ناقابل قبول ہے۔عامر کریم خاں نے کہا کہ اس وقت ویڈا کی صرف 65 بسیں روڈ پر ہیں جبکہ 35 بسیں ڈیڑھ سال سے خراب کھڑی ہیں۔ آن روڈ بسوں سے زہریلا دھواں نکلنے اور بار بار خراب ہونے کی متعدد شکایات موصول ہوئی ہیں، جو کہ کمپنی کی غیر سنجیدگی کا ثبوت ہے۔ انہوں نے بتایا کہ کمپنی کی عدم دلچسپی کے باعث شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔کمشنر عامر کریم خاں نے پنجاب ماس ٹرانزٹ اتھارٹی کو کمپنی کے خلاف قانونی کارروائی شروع کرنے اور بلیک لسٹ کرنے کی ہدایت جاری کی۔ انہوں نے واضح کیا کہ عوام کے تحفظ پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا اور مؤثر اقدامات کے ذریعے شہریوں کی جان و مال کی حفاظت کو یقینی بنایا جائے گا۔

شیئر کریں

:مزید خبریں