ملتان میں کھلے مین ہولز،”قوم” نے انتظامیہ کو جگا دیا، کمشنر کا نوٹس، موقع پر پہنچ گئے

ملتان (سپیشل رپورٹر)ملتان میں کھلے مین ہولز بارے روزنامہ قوم میں شائع ہونے والی خبر پربالآخر انتظامیہ جاگ اُٹھی۔ کمشنر ملتان عامرکریم خاں نے فوری ایکشن لیتے ہوئے انتظامی افسران اور واسا حکام کے ہمراہ ٹبی شیر خان، گھنٹہ گھر مارکیٹ اور اطراف
کے علاقوں کا دورہ کیا۔ذرائع کے مطابق کمشنر ملتان نے موقع پر پہنچ کر تمام کھلے مین ہولز کا جائزہ لیا اور متعلقہ عملے کو ہدایت کی کہ شہر میں کسی بھی مقام پر بغیر ڈھکن گٹر نظر نہیں آنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ شہریوں کی جانوں کے تحفظ پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا اور ڈویژن بھر میں گلی، محلوں، بازاروں اور رہائشی علاقوں میں تمام مین ہولز کے ڈھکن فوری طور پر لگائے جائیں۔کمشنر ملتان نے کہا کہ روزنامہ قوم نے بروقت شہریوں کے مسئلے کو اجاگر کیا جس پر انتظامیہ فوری متحرک ہوئی۔ انہوں نے ہدایت دی کہ واسا اور میونسپل کارپوریشن کے افسران خود فیلڈ میں نکلیں اور تمام حساس مقامات کی نشاندہی کر کے 24 گھنٹوں میں رپورٹ پیش کریں۔ کمشنر نے متعلقہ محکموں کو ہدایت کی ہے کہ جو علاقے بارش یا پانی کے بہاؤ سے متاثر ہیں وہاں اضافی سیفٹی اقدامات کیے جائیں تاکہ کسی حادثے کا خطرہ باقی نہ رہے۔علاقہ مکینوں نے قوم کی رپورٹنگ کو سراہتے ہوئے کہا کہ “اگر روزنامہ قوم کی مثبت رپورٹنگ سامنے نہ آتی تو شاید انتظامیہ کبھی نہیں جاگتی۔ روزنامہ قوم نے عوام کی آواز بن کر ایک بڑے خطرے سے ہمیں بچایا۔دریں اثناانتظامیہ کی ہدایت پر واسا ٹیموں نے رات گئے تک مختلف علاقوں میں کام شروع کر دیا۔ گلگشت، خونی برج، چونگی نمبر 6، نیو ملتان اور گھنٹہ گھر کے اطراف کھلے مین ہولز پر فوری ڈھکن لگائے جا رہے ہیں جبکہ متعدد مقامات پر نئے لوہے کے ڈھکن نصب کرنے کا عمل جاری ہے۔ادھر کمشنر ملتان نے متنبہ کیا ہے کہ اگر آئندہ کسی بھی علاقے میں کھلا گٹر پایا گیا تو متعلقہ افسر کے خلاف معطلی اور محکمانہ کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔شہری تنظیموں، سول سوسائٹی اور تاجروں نے اس اقدام کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ’’ قوم ‘‘کی خبر پر فوری ایکشن ثابت کرتا ہے کہ میڈیا سماجی تبدیلی کا اصل ذریعہ ہے۔ شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ ایسے اقدامات مستقل بنیادوں پر جاری رکھے جائیں تاکہ شہری علاقوں میں صفائی اور سیوریج کے نظام کو بہتر بنایا جا سکے۔

شیئر کریں

:مزید خبریں