ملتان(کرائم رپورٹر)اپنا گناہ چھپانے کے لئے 8 سالہ بچی کے ہاتھ،پائوں باندھ کر قتل کرکے لاش صوفے میں دفنادی، بدبو پیدا ہونے پر اہل علاقہ کی کال پر پولیس پہنچ گئی،لاش پوسٹمارٹم کے لئے نشتر سرد خانہ منتقل،بچی کو قتل کرنیوالی ایک ملزمہ کو گرفتار کرلیاگیا۔بتایا جاتا ہے کہ تھانہ سیتل ماڑی کے علاقہ قادر آباد کے رہائشی ناصر عباس کی 8 سالہ بھتیجی ملائیکہ جو دو روز قبل اغوا ہوگئی تھی کی لاش گزشتہ روز ہمسائے کے گھر کے صوفوں میں سے برآمد ہوگئی ہے۔پولیس ذرائع کے مطابق 8 سالہ ملائیکہ ہمسائی صائمہ بی بی کے گھر گئی جہاں صائمہ بی بی مبینہ طور پر اپنے عاشق کے ساتھ نامناسب حالت میں موجود تھی جسے بچی نے دیکھ لیا تھا جس پر صائمہ اور اسکا عاشق ڈر گئے اور انہوں نے ملائیکہ کا منہ دبا کر ہاتھ پاؤں باندھ دئیے اور لوہے کی پیٹی میں ڈال دیا،دم گھٹنے کے بعد اسے صوفے کا فوم پھاڑ کر اندر دفن کردیا،بدبو پیدا ہونے پر اہل علاقہ نے پولیس کو اطلاع دی جنہوں نے موقع پر پہنچ کر لاش برآمد کرکے اسے پوسٹمارٹم کے لئے نشتر ہسپتال منتقل کردیا اور ملزمہ کو حراست میں لے لیا ہے جبکہ ملزمہ کے عاشق کے لئے پولیس چھاپے مارنے میں مصروف ہے۔
