ملتان( نامہ نگار خصوصی) شہر سمیت میپکو ریجن میں بجلی کی اعلانیہ اور غیر اعلانیہ طویل بندش نے میپکو صارفین کے چیخیں نکلوا دیں ۔درجنوں فیڈرز کی گھنٹوں بندش معمول بن چکا ہے۔ اس وقت ممتازآباد ڈویژن کے درجنوں علاقے سب سے زیادہ بجلی کی بندش کا شکار ہیں۔شدیدگرمی اورحبس کے موسم میںدن، رات بجلی گھنٹوںبند ہونے سے شہریوں کی زندگی اجیرن ہو گئی ہے۔ میپکو غلہ منڈی سب ڈویژن کے علاقوں کو بجلی فراہم کرنے والے ممتازآباداسلام پورہ فیڈر سےدن اور رات کے اوقات میں بجلی کی گھنٹوں بندش سے بزرگ شہری ،معصوم بچوں کو سخت ترین تکلیف اور پریشانی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ۔صارفین کا کہنا ہے میپکو انتظامیہ صارفین کو بجلی کی بلا تعطل فراہمی کو یقینی بنانے میں ناکام ہو چکی ہے۔ بجلی کی بار بار ٹرپنگ بھی شہریوں کے لیے درد سر بنی ہوئی ہے۔ شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ میپکو انجینئرز اپنی ذمہ داری نبھائیں اور فیڈرز میں آنے والے روزانہ کی بنیاد پر تکنیکی خرابی کو مستقل بنیادوں پر دور کریں۔ رات کے وقت اوور لوڈ ہونے والے ٹرانسفارمرز کو خراب اور جلنے سے بچانے کے لیے ہنگامی بنیادوں پر استعداد کار پروگرام کے تحت نئے زیادہ استعداد کے ٹرانسفارمرز کی تنصیب کو یقینی بنائیں گذشتہ روز کہیں ہلکی اور کہیں تیز بارش کے بعد شہر کے متعدد فیڈرز سے بجلی کی فراہمی معطل کردی گئی ۔شہر کے تمام مصروف کاروباری علاقے بجلی بندش سے بری طرح متاثر ہوئے ۔شہریوں نے میپکوانتظامیہ کو خبردار کیا ہے کہ اگر بجلی بندش کا خاتمہ نہ ہوا تو ہم احتجاج کرنے پر مجبور ہو جائیں گے ۔
