او ایس آئی برانچ میں کرپشن‘ اختیارات کے ناجائز استعمال پر ضلع بدر پرویز آفتاب کاریگرسٹاف کی مددسے احکامات چھپاکر دوبارہ انچارج تعینات
لوٹ مار کا بازارپھر گرم ‘تبادلوں کیلئے کانسٹیبل 5 ہزار ‘ ہیڈ کانسٹیبل 7 ‘ اے ایس آئی 10ہزار‘ سب انسپکٹر 15سے 20 ہزار تک وصول ، اوپر تک حصہ
سی پی او آفس کے سٹاف میں موجود کاریگروںکی لابنگ کی وجہ سے پرانا سٹاف اور دفاتر میں پرانا عملہ دوبارہ تعینات کرانے میں مافیا بڑی حدتک کامیاب
ملتان ( آصف خان / ایڈیٹر کرائم ڈیسک ) سی پی او آفس او ایس آئی برانچ میں کرپشن‘ اختیارات کا ناجائز استعمال کرنے کی متعدد شکایات پر سابق آر پی او کی جانب سے نہ صرف او ایس آئی انچ سے تبدیل کے ساتھ ساتھ ضلع بدر کئے جانے والے پرویز آفتاب کو سی پی او آفس میں بیٹھے کاریگر سٹاف نے افسران کو غلط گائیڈ کر کے سابق آر پی او کے پچھلے احکامات چھپاتے ہوئے دوبارہ او ایس آئی تعینات کروا لیا جہاں ایک بار پھر لوٹ مار کا بازار گرم ہے‘ من پسند تبادلوں کے ریٹ مقررہیں‘ کانسٹیبل کا 5 ہزار ‘ ہیڈ کانسٹیبل 7 ‘ اے ایس آئی 10ہزار‘ سب انسپکٹر 15سے 20 ہزار تک وصول کئے جانے اور باقاعدہ حصہ سی پی او آفس میں تعینات پرانے کاریگروں کے ساتھ ساتھ اوپر تک پہنچائے جانے کا بھی انکشاف ہوا ہے۔ ذرائع کے مطابق پرویز آفتاب جس کو کچھ عرصہ قبل سابق آر پی او ملتان راجہ رفعت مختار نے کرپشن اختیارات کا ناجائز استعمال کی درجنوں شکایات پر او ایس آئی برانچ سے نہ صرف تبدیل کرنے بلکہ ضلع بدر کرنے کے احکامات جاری کئے جس کے کچھ عرصے بعد آر پی او ملتان سے تبدیل ہوئے تو سی پی او آفس میں بیٹھےکاریگر سٹاف نے ایک بار پھر پرویز آفتاب کی دوبارہ او ایس آئی برانچ میں تعیناتی کیلئے ہاتھ پائوں مارنے شروع کر دیئے اور سی پی او ملتان منور الحق رانا کو رام کر کے پچھلے آر پی او کے احکامات کو چھپاتے ہوئے دوبارہ پرویز آفتاب کے دوبارہ انچارج اور او ایس آئی برانچ کے احکامات پر دستخط کروا کر تعینات کروا لیا۔ ذرائع نے بتایا کہ اس وقت سی پی او آفس کے سٹاف میں موجود پرانے کاریگروںکی لابنگ کی وجہ سے سی پی او کا پرانا سٹاف اور دفاتر میں تعینات پرانا عملہ دوبارہ تعینات کروانے میں یہ مافیا سرگرم عمل ہے اور کئی حد تک کامیاب بھی ہوا ہے جن کا سفر کامیابی سے جاری ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ پرویز آفتاب کی بطور او ایس آئی برانچ میں تعیناتی کے بعد او ایس آئی برانچ میں من پسند تبادلوں کے ریٹ مقرر کر کے وصولیوں کا سلسلہ بھی ایک بار پھر شروع ہو گیا ہے۔ کانسٹیبل سے من پسند تعیناتی کے 5 ہزار‘ ہیڈ کانسٹیبل سے من پسند تعیناتی کے 7 ہزار‘ اے ایس آئی سے 10 ہزار اور سب انسپکٹر سے 15 سے 20 ہزار روپے ریٹ مقرر کر کے وصولیوں کا سلسلہ جاری ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ ملازمین کو یہ کہہ کر نذرانے وصول کئے جا رہے ہیں کہ یہ پیسے سی پی او سٹاف کے ساتھ ساتھ افسران بالا تک حصہ پہنچایا جا رہا ہے۔







