آج کی تاریخ

ملتان: سورج آگ برسانے لگا، میپکو نظام فیل، بجلی کی آنیا جانیا، الیکٹرونکس اشیا کوئلہ

ملتان ( نامہ نگار خصوصی) سورج زمین پر آگ برسانے لگا۔ شہراولیامیں درجہ حرارت 48 سینٹی گریڈ سے تجاوز کرگیا ۔سڑکیں ویران، شہری گھروں تک محدود ہوگئے۔شدیدگرمی میںمیپکوکاترسیلی نظام بھی بری طرح متاثر ہونے لگا ٹرانسفارمرز جلنے اور خراب ہونے کے واقعات میں غیر معمولی اضافہ ہو گیا ۔شدید گرمی میں گھنٹوں بجلی کی بندش پرشہری بلبلا اٹھے۔ عید الاضحی کے بعد سے میپکو کے ترسیلی نظام میں آئے روز خرابی کا سلسلہ جاری ہے۔ گزشتہ روز میپکو حسن پروانہ سب ڈویژن اور پاک گیٹ سب ڈویژن سمیت شہر کے مختلف سب ڈویژنوں میں بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ، وولٹیج خطرناک حد تک زیادہ ہونے سے شہریوں کی الیکٹرانک گھریلو استعمال کی اشیاء فریج ریفریجریٹر ،ایئر کنڈیشنر، پنکھے خراب اور جل گئے۔ متاثرہ میپکو صارفین نے لاکھوں روپے مالیت کی گھریلو الیکٹرانک اشیاء جل جانے کے خلاف احتجاج کیا اور اعلان کیا کہ اگر بجلی کی طویل بندش اور غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ ختم نہی کی گئی تو شہری میپکو ہیڈ کوارٹر کا گھیراو کرینگے۔ گذشتہ روز جلیل آباد ریلوے روڈ فریدآباد کے رہائشیوں غلام مصطفیٰ، گلزیب شاہد، شوکت علی، تنویر حسین، اللہ رکھا ،اشفاق احمد ودیگر نے کہا کہ میپکو حسن پروانہ سب ڈویژن کی نااہلی سے متعدد صارفین کے لاکھوں روپےکےبجلی سے چلنے والے آلات جل گئے۔ منگل کی سہ پہر ساڑھے تین بجے سے رات آٹھ بجے تک اچانک وولٹیج 370 پر پہنچنے سے فرید آباد فیڈر سے منسلک صارفین کے پنکھے ، ریفریجریٹر اور دیگر گھریلو سامان جل گیا ۔عید الاضحیٰ کے دوران بھی بجلی کی آنکھ مچولی جاری رہی جو تاحال جاری ہے۔ شدید گرمی میں صارفین بے حال ہیں۔ حسن پروانہ سب ڈویژن کےایس ڈی او اور ذمہ داران اس صورتحال کی ذمہ داری قبول کرنے سے انکاری رہے ۔صارفین نے الزام عائد کیا کہ پاک گیٹ سب ڈویژن حسن پروانہ سب ڈویژن کے درمیان سڑک ہے۔ دونوں اطراف میں سب ڈویژنوں کے لائن سٹاف نے پیسے لیکر غیرقانونی غیر قانونی ڈبل سورس کنکشن دیے ہوئے ہیں جو لوڈ میں اضافہ کا باعث ہیں اسکے نتیجے میں ٹرانسفارمر جل جاتے ہیں۔ میپکو کے اعلیٰ افسران موسمی شدت سے واقف ہونے کے باوجود صورتحال کو سنبھالنے میں مکمل ناکام رہے ہیں۔ میپکو ایس ڈی او کا کہنا ہے ٹرانسفارمر خراب ہونے کی صورت میں ٹرانسفارمر تبدیلی میں وقت لگتا ہے۔ ہماری کوشش ہوتی ہے کہ بجلی کی بلا تعطل فراہمی جاری رہے۔ ڈبل سورس کنکشنوں کے خلاف کارروائی کررہے ہیں ۔

شیئر کریں

:مزید خبریں