ملتان(واثق رئوف) کنٹونمنٹس بورڈز اینڈ ملٹری لینڈز سے درجنوں اسامیوں کو ختم کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا۔فیصلہ ریشنلائزیشن پالیسی کے تحت کیاگیا ہے۔ملتان سمیت تمام چھائونیوں میں کنٹونمنٹس ایگزیکٹو آفیسرز اور ملٹری اسٹیٹ آفیسرز کو تمام شعبہ جات میں سرپلس اسامیوں کی لسٹیں مرتب کرنے کی ہدایت کردی گئی،سکیل7 سے سکیل16تک کی سرپلس اسامیوں کو ختم کردیا جائے گا۔اسامیوں کے خاتمہ سے تنخواہ،پنشن اور دیگر مراعات کی مد میں کثیر ریونیو کی بچت ہوگی۔بتایا جاتا ہے کہ دیگر وفاقی محکموں کی طرح کنٹونمنٹس بورڈ ملٹری لینڈز کے محکمہ میں بھی سرپلس اسامیوں کو ختم کرنے کی پالیسی پر عملدرآمد کا فیصلہ کیاگیا ہے۔کنٹونمنٹس بورڈز اینڈ ملٹری لینڈز ہیڈ کوارٹر آفس کی جانب سے جاری ہدایت کی روشنی میں فیصلہ پر عملدرآمد کے لئے ملتان سمیت ملک بھر کی چھائونیوں میں سرپلس اسامیوں کی لسٹیں مرتب کرنے کے لئے کاغذی کارروائی شروع کردی گئی ہے۔سی بی ایم اور ایم ای او آفس کے تمام شعبوں میں سرپلس اسامیوں کی لسٹیں مرتب کرنے کا کام شروع کردیا گیا ہے۔ذرائع کے مطابق سکیل7اورسکیل16تک کی سرپلس اسامیوں کا خاتمہ کیاجائےگا۔ریشنلائزیشن کی پالیسی سامنے آنے پر کنٹونمنٹس بورڈ کے ملازمین میں تشویش کی لہر دوڑگئی ہے۔ملازمین کا کہنا ہے کہ سماج میں پہلے ہی تعلیمی ڈگریاں لے کر روزگار کی تلاش میں سرگرداں نوجوان کی تعداد میں غیر معمولی اضافہ ہوچکا ہے۔ان حالات میں ریاست کو چاہیے کہ وہ اسامیوں میں کمی کی بجائے اضافہ کرے تاکہ تعلیم یافتہ نوجوانوں کو باعزت روزگار میسر آسکے۔ملازمین نے ریشنلائزیشن کی پالیسی پر نظرثانی کا مطالبہ کیا ہے۔
