ملتان سلطانز الوداع، ترین گروپ نئی پی ایس ایل فرنچائز کے لیے بولی میں حصہ لے گا

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) سے ملتان سلطانز کا تعلق ختم ہو گیا ہے اور فرنچائز کے سابقہ مالکان نے ٹیم چھوڑنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ ٹیم کی ملکیت کے معاہدے کی رسمی تکمیل 31 دسمبر کو ہو گئی، جس کے بعد ملتان سلطانز پی ایس ایل کی مہنگی ترین فرنچائز کا درجہ برقرار رکھتی رہی۔
ذرائع کے مطابق ترین گروپ نے نئی فرنچائز خریدنے میں دلچسپی ظاہر کر دی ہے اور متعلقہ دستاویزات جمع کرا دی ہیں۔ اگر وہ تکنیکی طور پر کوالیفائی ہو جاتے ہیں تو 8 جنوری کو اسلام آباد میں ہونے والی کھلی بولی میں دیگر بڈرز کے ساتھ شریک ہونے کا موقع ملے گا۔
اس سے قبل، ٹیم کے موجودہ اونر علی ترین پی ایس ایل کے انتظامات اور کچھ آفیشلز پر تنقید کرتے رہے تھے۔ سوشل میڈیا اور پوڈکاسٹس کے ذریعے انہوں نے لیگ کے سٹرکچر پر سوالات اٹھائے، جس کے بعد بورڈ نے انہیں نوٹس بھیجا لیکن انہوں نے اسے قبول نہ کیا۔ علی ترین نے کہا کہ ’’گھٹنے ٹیک کر ٹیم چلانے سے بہتر ہے کہ اسے کھو دوں مگر سر اٹھا کر کھڑا رہوں، یہ الوداع ہے۔‘‘
پی ایس ایل بورڈ نے دیگر پانچ فرنچائزز کو نئی فیس کے ساتھ معاہدے کی تجدید کی پیشکش کی جو سب نے قبول کر لی، جبکہ ملتان سلطانز کے معاملات طے نہ ہو سکے۔ موجودہ فرنچائز مالکان قوانین کے تحت نئی ٹیم کی بولی میں حصہ نہیں لے سکتے، تاہم 31 دسمبر کے بعد ترین گروپ رسمی طور پر اونرز کی فہرست سے باہر ہو جائے گا۔
ملتان سلطانز ایک ارب 8 کروڑ سالانہ فیس کے ساتھ لیگ کی سب سے مہنگی فرنچائز ہے، جس کی ویلیو غیر ملکی کمپنی کے تخمینہ کے مطابق ایک ارب 35 کروڑ تک جاتی، اور نئی ٹیم سوا سے ڈیڑھ ارب روپے میں فروخت ہو سکتی ہے۔

شیئر کریں

:مزید خبریں