ملتان ستھرا پنجاب ڈھونگ، گلیاں کچرے سے بھری، کروڑوں ضائع، عوام اذیت میں مبتلا

ملتان (سپیشل رپورٹر)ملتان کے مختلف علاقوں میں ’’صاف ستھرا پنجاب‘‘ مہم کی حقیقت کھل کر سامنے آ گئی۔ زکریا ٹاؤن، گلگشت، شالیمار، سبزہ زار، شاداب کالونی، ایم ڈی اے چوک اور جلیل آباد سمیت متعدد علاقوں میں صفائی کی ابتر صورتحال نے شہریوں کو شدید پریشانی میں مبتلا کر دیا ہے۔مقامی مکینوں کے مطابق مہم صرف مین شاہراہوں تک محدود ہے، جہاں وقتی طور پر صفائی کر کے رپورٹیں تیار کی جاتی ہیں، جبکہ اندرونی گلیاں اور رہائشی علاقے گندگی کے ڈھیروں تلے دبے ہوئے ہیں۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ صفائی مہم کا مقصد عام شہریوں کو سہولت دینا تھا مگر اس پر عملدرآمد صرف فوٹو سیشن اور نمائشی وزٹ تک محدود کر دیا گیا ہے۔ذرائع کے مطابق نچلا عملہ افسران کو محض مین روڈز پر لے جا کر صفائی دکھاتا ہے اور ان سے ’’سب اچھا‘‘ کی رپورٹ حاصل کر کے حقیقت پر پردہ ڈال دیا جاتا ہے۔ شالیمار اور سبزہ زار کے مکینوں نے بتایا کہ کئی کئی دنوں تک کچرا نہ اٹھائے جانے سے گلیوں میں بدبو اور مچھروں کی بھرمار ہے، جبکہ ایم ڈی اے چوک اور جلیل آباد کے دکانداروں نے شکایت کی کہ کوڑا دان اُبل رہے ہیں مگر عملہ غائب ہے۔شہریوں نے الزام لگایا کہ “صاف ستھرا پنجاب” مہم کے نام پر کروڑوں روپے خرچ کیے جا رہے ہیں، مگر اس کے ثمرات عوام تک نہیں پہنچ پا رہے۔ مکینوں نے وزیراعلیٰ پنجاب، کمشنر ملتان اور ڈپٹی کمشنر سے مطالبہ کیا ہے کہ اندرون علاقوں کی صفائی کو یقینی بنایا جائے، ماتحت عملے کے خلاف کارروائی کی جائے اور مہم کو حقیقی معنوں میں کامیاب بنایا جائے۔

شیئر کریں

:مزید خبریں