بہاولپور (ڈسٹرکٹ رپورٹر ) ریلوے اسٹیشن ملتان میں ٹکٹ بلیک مارکیٹنگ عروج پر، قلیوں کا راج ریلوے اسٹیشن ملتان پر ٹکٹوں کی بلیک مارکیٹنگ کا مکروہ دھندہ زوروں پر ہے، جبکہ اس غیر قانونی نیٹ ورک میں ملوث قلیوں کے بارے میں سنگین انکشافات سامنے آئے ہیں باوثوق ذرائع کے مطابق اسٹیشن پر قلیوں کا ٹھیکہ عطاء اللہ نامی شخص نے محکمہ ریلوے سے تقریباً 72 لاکھ روپے میں حاصل کیا، تاہم ٹھیکہ پورا نہ ہونے کے باعث اس نے اسے عالمگیر نامی قلی کے حوالے کر دیا، جو مبینہ طور پر ٹکٹ بلیک مارکیٹنگ میں سرگرم ہے۔ تفصیل کے مطابق عالمگیر قلی کے خلاف تھانہ ریلوے خانیوال میں مقدمہ نمبر 51/25 مورخہ 12-11-2025 بجرم 420/PPC درج ہوچکا ہے، جبکہ اس کے پیچھے مبینہ سرپرست محمد ارشد قلی ہے، جو شملے قلی بہاولپوری کا بیٹا بتایا جاتا ہے اور اس کے خلاف بھی بلیک ٹکٹنگ کے متعدد مقدمات موجود ہیں ایک قلی نے اپنا نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ عالمگیر اور محمد ارشد انہیں ٹکٹ بلیک کرنے پر مجبور کرتے ہیں، زبردستی فی کس 600 روپے وصول کیے جاتے ہیں، اور شکایت کرنے پر دھمکی دیتے ہیں کہ ہماری سب کے ساتھ لائن سیٹ ہے، جو کرنا ہے کر لو ذرائع کے مطابق متعدد قلی جن پر بلیک مارکیٹنگ کے مقدمات بہاولپور اور ملتان درج ہیں اور جو بلیک لسٹ ہو چکے ہیں، وہ بھی بدستور ریلوے اسٹیشن ملتان پر ڈیوٹی دے رہے ہیں، جن میں علی شان قلی، محمد سلمان قلی اور ریاض قلی شامل ہیں۔ ان کے خلاف تھانہ ریلوے ملتان میں مقدمات درج ہونے کے باوجود کارروائی نہ ہو سکی مزید براں، قلیوں نے الزام عائد کیا ہے کہ محمد عاصم ہیڈ TCR ملتان اور قصور شاہ SS ملتان اس بلیک ٹکٹ مافیا کی پشت پناہی کر رہے ہیں، جس کے باعث یہ غیر قانونی سرگرمیاں بغیر کسی خوف کے جاری ہیں متاثرہ قلیوں نے آئی جی ریلوے، ایس پی ریلوے، ڈی سی او ریلوے ملتان اور ڈی ایس پی اسپیشل برانچ سے فوری نوٹس لینے اور ٹکٹ بلیک مافیا کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے انہیں اس اذیت سے نجات دلانے کی اپیل کی ہے۔متعدد بار ٹی سی ار سے رابطہ کیا گیا لیکن موقف نہ دیا۔







