ملتان ( عوامی رپورٹر) رجسٹری برانچ کرپشن کیس میں اینٹی کرپشن کی کارروا ئیا ں جاری، وثیقہ نویس حاجی اشفاق کو بھی گرفتار کرلیا گیا۔ ترجمان اینٹی کرپشن کے مطابق ڈائریکٹر جنرل اینٹی کرپشن پنجاب سہیل ظفر چٹھہ کی ہدایت پر کرپٹ عناصر کے خلاف گھیرا تنگ کر دیا گیا ہے۔ اسی سلسلے میں سرکل آفیسر اینٹی کرپشن ملتان سید علی حسن گیلانی، اسسٹنٹ ڈائریکٹر انویسٹیگیشن ظہیر احمد، ریڈر اللہ دتہ اور ان کی ٹیم نے مقدمہ نمبر 1917/25 میں کارروائی کرتے ہوئے وثیقہ نویس حاجی اشفاق کو گرفتار کر لیا ہےاور مزید کارروائی جاری ہے۔ کمشنر ملتان ڈویژن عامر کریم خان کے تحصیل آفس ،سب رجسٹرار/ریونیو آفس ملتان پر سرپرائز وزٹ کے دوران مختلف وثیقہ نویسوں کی جانب سے سرکاری لاگن کے ناجائز استعمال اور بغیر فیس ادا کیے رجسٹریاں پاس کروانے کا انکشاف ہوا تھا۔ اس حوالے سے مختلف وثیقہ نویسوں کے خلاف شواہد اینٹی کرپشن کو فراہم کیے گئے تھے، جس سے جعلی رجسٹریوں اور سرکاری فیس کی عدم ادائیگی کا میگا سکینڈل سامنے آیا۔اس معاملے پر ڈائریکٹر جنرل اینٹی کرپشن پنجاب سہیل ظفر چٹھہ نے فوری ایکشن لیتے ہوئے ریجنل ڈائریکٹر اینٹی کرپشن ملتان بشارت نبی کو خصوصی ٹاسک دیا کہ کرپٹ وثیقہ نویسوں کے خلاف گھیرا تنگ کیا جائے،اسی سلسلے میں اینٹی کرپشن ٹیم نے کامیاب کارروائی کرتے ہوئے وثیقہ نویس حاجی اشفاق احمد کو گرفتار کر لیا ہے۔ سب رجسٹرار ملتان سٹی جاوید احمد خان کی درخواست پر درج مقدمے میں یہ بات بھی سامنے آئی ہے کہ ملک واجد اور ملک ماجد نامی وثیقہ نویس جو کہ اینٹی کرپشن کی حراست میں ہیں،کو گوہر شاہ نامی سٹے کلرک نے ایسی سرکاری دستاویزات بھی حوالے کر رکھی تھی جن کا کسی پرائیویٹ شخص کے پاس ہونا انتہائی غیر قانونی عمل ہے۔ اس رپورٹ کے باوجود سٹے کلرک گوہر شاہ کسی بھی قسم کی کارروائی سے محفوظ ہیں اور نہ صرف بدستور اپنے فرائض سرانجام دے رہے ہیں بلکہ سب رجسٹرار سٹی ملک جاوید کے بااعتماد ماتحتوں میں شمار ہوتے ہیں۔دریں اثنارجسٹری برانچ میں کروڑوں روپے کی کرپشن اور ٹیکسوں میں ہیر پھیر کے معاملے میں گرفتار پرائیویٹ مافیا کے سرغنہ ملک واجد رضا اور ان کے بھائی ملک ماجد رضا کو آج عدالت پیش کیا جائے گا ، ملزمان کی گرفتاری کے بعد سینئر سول جج ( کریمنل ڈویژن ) ملتان کے ملزمان کا تین روزہ جسمانی منظور کیا تھا ۔اینٹی کرپشن ذرائع کے مطابق ملزمان کے مذید جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی جائے گی ۔







