آج کی تاریخ

ملتان: خونی بس کے بعد ویڈا بھی خونخوار، حادثات، بیماریاں، دھواں، ٹریفک جام، شہری خوار

ملتان(نیوز رپورٹر) پنجاب حکومت کی جانب سے ملتان میں شہریوں کو معیاری اور سستی سفری سہولت فراہم کرنے کے لیے شروع کی گئی ویڈا بس سروس اس وقت شہریوں کے لیے سہولت کے بجائے زحمت بن چکی ہے،ملتان کے باسی پہلے کے بی بس کے شکار بنتے تھے جسے خونی بس کے نام سے پکارا جاتا رہا اور اب ویڈا بس بھی کے بی بس سروس کے نقش قدم پر چلنے لگی ہے۔سنگین حادثات اور قیمتی جانوں کا نقصان ہونے لگا ۔گزشتہ چند روز میں ویڈا بس سے متعدد افسوسناک حادثات رونما ہو چکے ہیں۔چند دن قبل ویڈا بس کی بریکیں فیل ہونے کے باعث ایک شہری جاں بحق اور 7 افراد زخمی ہو ئے۔نیو ملتان کے علاقے بسم اللہ چوک پر ویڈا بس ایک موٹرسائیکل سے ٹکرا گئی۔ حادثے میں نوجوان شدید زخمی ہوا جبکہ ڈرائیور موقع سے فرار ہوگیا۔بہاولپور روڈ پردو موٹر سائیکل سوار لڑکے سڑک عبور کر رہے تھے کہ ویڈا بس سے تصادم ہو گیاجس کے نتیجے میں 13 سالہ جہاں زیب جاں بحق اور 16 سالہ واجد شدید زخمی ہو گیا جسے ریسکیو ٹیم نے فوری طور پر ہسپتال منتقل کیا۔گزشتہ سال مظفر گڑھ روڈ پر چلتی ویڈابس میں اچانک آگ بھڑک اٹھی تاہم مسافروں کو بروقت بس سے نکال لیا گیا تھااور بڑا جانی نقصان ہونے سے بچ گیا۔روٹس پر چلنے والی بسیں مناسب دیکھ بھال نہ ہونے کے باعث نا کارہ ہو چکی ہیں۔ ویڈا بس انتظامیہ کی مجرمانہ غفلت اور لاپروائی کے باعث یہ بسیں شہریوں کی زندگیوں اور صحت کے لیے خطرہ بنتی جا رہی ہیں۔شہریوں کی سہولت کے لیے فراہم کی گئی 100 بسوں میں سے کئی بسیں ناکارہ ہو چکی ہیں ۔صرف 25 بسیں ہی روٹس پر فعال ہیں اور ان میں سے بھی کئی آئے روز خراب رہتی ہیں، روٹس پر چلنے والی ویڈا بسیں اکثر سٹرکوں پر خراب نظر آتی ہیںاور ٹریفک کی روانی میں رکاوٹ کا باعث بنتی ہیں۔اندرون شہرویڈابس سروس سے تنگ سڑکوں پرروزٹریفک جام کے مناظردیکھنےکوملتے ہیں۔شہری قمر زمان،علی اصغر،فیصل اسماعیل،ذوالفقار علی،علی رضا،عدیل خان،محمد دانیال نے’’ قوم‘‘ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کچھ خراب بسیں دھواں چھوڑتی ہیں اور ماحولیاتی آلودگی میں بھی اضافہ کر رہی ہیں۔ خارج ہونے والا دھواں پورے شہر میں فضائی آلودگی کا باعث بن رہا ہے۔ پاکستان کے آلودہ ترین شہروں کی فہرست دیکھیںتو ملتان سرفہرست نظر آتا ہےاور اس کی ایک بڑی وجہ یہی ناکارہ اور دھواں چھوڑتی ویڈا بسیں ہیں۔شہریوں کا کہنا ہے کہ یہ بسیں دمے، الرجی اور دیگر سانس کی بیماریوں میں اضافے کا سبب بن رہی ہیں، خاص طور پر بچوں اور بزرگوں کے لیے یہ ایک مسلسل خطرہ بن چکی ہیں۔شجاع آباد ملتان کی بڑی تحصیل ہےوہاں سے روزانہ کی بنیاد پر عوام کو ان خستہ حال بسوں میں ٹھونس ٹھونس کر لایا جاتا ہےجس سے نہ صرف انسانی وقار مجروح ہوتا ہے بلکہ کسی بڑے سانحے کا خدشہ بھی ہر وقت رہتا ہے۔ شہریوں نے حکومت پنجاب اور متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ ویڈا بسوں کی فوری مینٹیننس کی جائے،دھواں چھوڑنے والی اور خراب بسوں کو روٹس سے ہٹایا جائے۔متبادل اور محفوظ پبلک ٹرانسپورٹ سروس فراہم کی جائے۔شہریوں کا کہنا ہے کہ اگر اس سنگین مسئلے کی طرف فوری توجہ نہ دی گئی تو یہ سروس مزید قیمتی جانوں کا نقصان کر سکتی ہے۔

ملتان:ویڈا بس کے حوالے سے شہری قمر زمان،علی اصغر،فیصل اسماعیل،ذوالفقار علی،علی رضا،عدیل خان اورمحمد دانیال روزنامہ قوم سے گفتگو کررہے ہیں۔

شیئر کریں

:مزید خبریں