ملتان: خوشیوں اور عقیدت کا سفر عذاب بن گیا، بس سٹینڈ پر رش، کرائے ڈبل

ملتان(نیوز رپورٹر)خوشیوں اور عقیدت کا سفر عذاب بن گیا ،ملتان سے لاہور میں بسنت کی تقریبات اور سیہون شریف میں حضرت لال شہباز قلندرؒ کے عرس میں شرکت کے لیے جانے والے مسافروں کا رش جنرل بس سٹینڈپر امڈ آیا، جس کا فائدہ اٹھاتے ہوئے ٹرانسپورٹروں نے من مانگے داموں ٹکٹیں فروخت کرنا شروع کر دیں۔ انتظامیہ کی خاموشی نے صورتحال کو مزید سنگین بنا دیا جبکہ مسافر شدید ذہنی اذیت کا شکارہیں ۔ مختلف شہروں سے آنے والے شہری بسنت کی خوشیوں اور عرس کی روحانی محفلوں میں شرکت کے لیے روانہ ہونے لگے تو جنرل بس اسٹینڈ پر مسافروں کا بے تحاشا رش دیکھنے میں آیا۔ اس موقع پر ٹرانسپورٹ مالکان نے کرایوں میں کئی گنا اضافہ کر دیا، جو ٹکٹ عام دنوں میں 1600 روپے میں ملتی تھی وہ اب منہ مانگے داموں میں فروخت کی جا رہی ہے۔مسافروں کا کہنا ہے کہ اضافی کرایہ ادا نہ کرنے کی صورت میں نہ تو انہیں نشست دی جا رہی ہے اور نہ ہی کسی قسم کی رعایت۔ خواتین، بزرگ اور بچے گھنٹوں دھکے کھانے پر مجبور ہیں، جبکہ بعض مسافر اوپن ٹکٹ اور چھتوں پر سفر کرنے پر بھی مجبور ہو گئے۔دوسری جانب ضلعی انتظامیہ اور ٹرانسپورٹ اتھارٹی کے افسران خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں۔ جنرل بس اسٹینڈ پر نہ کوئی چیکنگ ہو رہی ہے اور نہ ہی کرایوں کی فہرستیں آویزاں کی گئی ہیں، جس سے ٹرانسپورٹ مافیا کو کھلی چھوٹ مل گئی ہے۔شہریوں نے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ فوری نوٹس لیتے ہوئے زائد کرایہ وصول کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے، ورنہ خوشیوں اور عقیدت کے یہ سفر عوام کے لیے مستقل عذاب بن کر رہ جائیں گے۔

شیئر کریں

:مزید خبریں