ملتان: جنرل بس سٹینڈ سکیورٹی رسک، واک تھرو گیٹس نہ سامان و مسافروں کی چیکنگ

ملتان(نیوز رپورٹر) جنوبی پنجاب کے سب سے بڑے اور مصروف ترین ٹرانسپورٹ مرکز ملتان جنرل بس سٹینڈ پر حفاظتی انتظامات نہ ہونے کے برابر ہیں، روزانہ ہزاروں مسافروں کی آمد و رفت کے باوجود داخلی دروازوں پر نہ واک تھرو گیٹس موجود ہیں، نہ مسافروں اور ان کے سامان کی چیکنگ کا کوئی موثر نظام ۔ملک کو درپیش موجودہ سکیورٹی خدشات کے باوجود جنوبی پنجاب کے سب سے بڑے اور مصروف ترین جنرل بس سٹینڈ پر حفاظتی انتظامات نہ ہونے کے برابر ہیں جس نے نہ صرف ضلعی انتظامیہ بلکہ بس سٹینڈ کی انتظامیہ کی کارکردگی پر بھی سنگین سوالات کھڑے کر دیئے ہیں۔ روزانہ ہزاروں مسافروں کی آمد و رفت کے باوجود یہاں بنیادی سکیورٹی اقدامات کا فقدان تشویشناک حد تک محسوس کیا جا رہا ہے۔ذرائع کے مطابق جنرل بس سٹینڈ کی عمارت میں تین مرکزی داخلی و خارجی دروازے موجود ہیں مگر حیران کن طور پر کسی بھی دروازے پر واک تھرو گیٹ نصب نہیں کیا گیا۔ مسافروں، عملے اور دیگر آنے جانے والے افراد کی نہ تو جسمانی تلاشی لی جاتی ہے اور نہ ہی ان کے سامان کی چیکنگ کا کوئی موثر نظام موجود ہے۔ بسوں میں سفر کرنے والے مسافروں کے سامان کی سکیننگ کے لیے بھی کوئی جدید آلات فراہم نہیں کیے گئے جس کے باعث سکیورٹی کے دعوے محض کاغذی کارروائی تک محدود دکھائی دیتے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ اتنے اہم اور حساس مقام پر بھی حفاظتی اقدامات عملی شکل اختیار نہیں کر سکے۔واضح رہے کہ ملتان جنوبی پنجاب کا ایک بڑا ٹرانسپورٹ حب ہے جہاں سے روزانہ ہزاروں مسافر پنجاب، سندھ، خیبرپختونخوا اور بلوچستان سمیت ملک کے مختلف شہروں کے لیے سفر کرتے ہیں۔ ایسے مصروف اور حساس مقام پر حفاظتی اقدامات کا نہ ہونا کسی بھی وقت خطرناک صورتحال پیدا کر سکتاہے۔ملک میں بڑھتے ہوئے سکیورٹی خدشات کے پیش نظر بس سٹینڈز، ریلوے اسٹیشنز اور دیگر عوامی مقامات پر سخت حفاظتی انتظامات ضروری ہو چکے ہیں، تاہم ملتان جنرل بس سٹینڈ کی صورتحال اس کے برعکس دکھائی دیتی ہے۔ شہریوں اور سماجی حلقوں نے ضلعی انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ فوری طور پر بس سٹینڈ کے تمام داخلی راستوں پر واک تھرو گیٹس نصب کیے جائیں، مسافروں کے سامان کی سکیننگ کا موثر نظام قائم کیا جائے، فائر فائٹنگ آلات فراہم کیے جائیں اور بس سٹینڈ میں قائم ڈسپنسری کو فعال بنایا جائے، جہاں عملہ اکثر غیر حاضر رہنے کی شکایات سامنے آئی ہیں۔سماجی حلقوں کا کہنا ہے کہ اگر سیکیورٹی کے اس سنگین مسئلے کو فوری طور پر حل نہ کیا گیا تو کسی بھی ناخوشگوار واقعے کی صورت میں اس کی تمام تر ذمہ داری متعلقہ انتظامیہ اور بس اسٹینڈ کی انتظامیہ پر عائد ہو گی۔اس ضمن میں جنرل بس سٹینڈ کے سپر نٹنڈنٹ سے سکیورٹی کے مسائل کے حوالے سے رابطہ کرنےپر انہوں نے کہا کہ مجھے کچھ علم نہیں ، سپر نٹنڈنٹ کا چارج سنبھالے ابھی ایک ہفتہ ہوا ہے،ان کی اس بات سے ان کی سنجیدگی کا اندازہ لگایا جا سکتا ہے ،وہ مسائل کو سنجیدگی سے نہیں لے رہے اور نہ ہی کسی ٹھوس اقدام کی ضرورت محسوس کر رہے ہیں۔

شیئر کریں

:مزید خبریں